10/04/2026
ممبر بورڈ آف گورنرز ایم ٹی آئی بنوں شوکت علی خان کا ایم ٹی آئی بنوں ہسپتالوں کا پہلا دورہ
ممبر بورڈ آف گورنرز ایم ٹی آئی بنوں، شوکت علی خان نے خلیفہ گلنواز ٹیچنگ ہسپتال بنوں کا پہلا دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ممبر بی او جی شب نیاز خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال بنوں کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، وارڈز، لیبارٹری، او پی ڈیز اور زیرِ تعمیر عمارتوں سمیت دیگر اہم شعبوں کا جائزہ لیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا بغور مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان نے انہیں ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کی دیکھ بھال، عملے کی خدمات اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جسے انہوں نے توجہ سے سنا اور مختلف امور پر آگاہی حاصل کی۔
دورے کے دوران شوکت علی خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ ایک امانت ہے، اور وہ اسے نہایت سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور ادارے میں بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، اور باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ہسپتال کی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے