03/11/2025
خلیفہ گلنواز ٹیچنگ ہسپتال بنوں میں نرسنگ ڈائریکٹر کی زیر صدارت نرسنگ خدمات کے معیار میں بہتری اور انفیکشن کنٹرول کے حوالے سے اجلاس
خلیفہ گلنواز ہسپتال بنوں میں نرسنگ ڈائریکٹر ذائفہ گل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال کے علاوہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور زنانہ ہسپتال بنوں کے نرسنگ منیجرز اور سپروائزرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد نرسنگ خدمات کے معیار میں مزید بہتری، مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انفیکشنز کے پھیلاؤ کی مؤثر روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دینا تھا۔
اجلاس میں پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ (PPEs) کے درست اور باقاعدہ استعمال، ہینڈ ہائجین پریکٹسز پر مکمل عمل درآمد، اور انفیکشن کنٹرول کے عالمی اصولوں کی پاسداری پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ نرسنگ اسٹاف کو تربیت کے ذریعے ان اصولوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے تاکہ مریضوں اور اسٹاف، دونوں کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
نرسنگ ڈائریکٹر ذائفہ گل نے اس موقع پر کہا کہ نرسنگ کیئر کا معیار کسی بھی ہسپتال کے نظامِ صحت کی بنیاد ہے۔ اگر ہم حفاظتی اقدامات کو اپنی روزمرہ کی ذمہ داریوں کا حصہ بنا لیں تو ہسپتال میں انفیکشن کی شرح کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے، جو بالآخر مریضوں کی بہتر نگہداشت اور ادارے کی نیک نامی کا باعث بنے گا
اجلاس کے اختتام پر تمام نرسنگ منیجرز اور سپروائزرز نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں صفائی، نظم و ضبط اور حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، تاکہ نرسنگ خدمات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مستحکم اور مؤثر بنایا جا سکے۔۔۔۔۔۔۔