
30/06/2025
بچوں میں دانت نکلنے کا عمل : مسائل اور حل
دانت نکلنا بچوں کی نشوونما کا ایک فطری مرحلہ ہے جو عام طور پر 6 ماہ کی عمر سے شروع ہوتا ہے اور تقریباً 3 سال کی عمر تک مکمل ہو جاتا ہے، اس دوران بچے کے 20 دودھ کے دانت آ جاتے ہیں۔
کچھ بچوں میں دانت نکلنے میں 12 سے 15 ماہ تک کی تاخیر بھی ہو سکتی ہے، جو عموماً تشویش کی بات نہیں ہوتی۔
دانت نکلنے کے دوران بچے بےچینی، رال ٹپکنے، چبانے کی خواہش، نیند کی کمی یا بھوک میں کمی جیسے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
سائنسی تحقیق کے مطابق دانت نکلنے اور دست (موشن) کا براہ راست کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا، تاہم اس دوران بچے کی قوتِ مدافعت کمزور ہو سکتی ہے جس سے وہ ہلکی پھلکی بیماریوں کا شکار ہو سکتا ہے۔
والدین چند آسان گھریلو تدابیر سے بچے کے درد اور بےچینی کو کم کر سکتے ہیں جیسے صاف اور محفوظ چیز چبانے کے لیے دینا، ٹھنڈے پانی سے گیلا کپڑا چبوانا، یا مسوڑھوں کا ہلکا مساج کرنا۔
اگر تکلیف زیادہ ہو تو بچوں کے ڈاکٹر کے مشورے سے پیراسیٹامول (پیناڈول) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
والدین کے لیے ضروری ہے کہ اس قدرتی مرحلے کو سادہ رکھیں، بچے کی نیند، بھوک اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اگر کسی قسم کی پیچیدگی ہو تو ماہرِ اطفال سے رجوع کریں۔