11/08/2025
دست یا اسہال پاخانے کا پتلا اور باربار آنے کی کیفیت کا نام ہے- مائع/پانی کا آنت میں کم جذب ہونا اور زیادہ خارج ہونا پاخانے کے پتلے اوربار بار آنے کا سبب بنتا ہے- کئی صورتوں میں جراثیم جیسے بیکٹیریا یا وائرس اسکی وجہ ہوسکتے ہیں- یوں تو بچے کا پاخانہ بڑوں سے نرم اور پتلا ہوتا ہے اور بچے کے پاخانہ کرنے کا دورانیہ بھی کم ہوتا ہے مگر بچوں کے پاخانے کا اچانک پانی جیسا پتلا ہونا، معمول سے زیادہ دفعہ ہونا اور زیادہ مقدار میں ہونا اور ان علامات کے ساتھ بخار اور قے کا ہونا دست کے خطرے کی گھنٹی ہوسکتا ہے.
دست کی شکایت بہت سی وجوہات کی بنا پر ہو سکتی ہے ۔ سب سے زیادہ یہ ایک وائرس جس کا نام روٹا وائرس ہے اس کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ بیکٹیریا بھی اکثر پیٹ میں انفیکشن کا باعث بنتے ہیں جس کی وجہ سے دست کی تکلیف ہو سکتی ہے۔ کچھ حالات میں پیراسائٹس بھی دست کی وجہ بن سکتے ہیں۔ کچھ ادویات مثلاً اینٹی بائیوٹکس کے استعمال سے بھی دست کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ کوئی خاص خوراک الرجی کی وجہ بن کر دست کا باعث بن سکتی ہے۔
عام طور پر دست کی شکایت تین سے چار دن تک خود بخود رفع ہو جاتی ہے-ایک سال سے کم عمر بچوں (ٹوڈلرز) میں دست کی شکایت عام طور پر تین یا چار سال کے ہونےاور ٹوائلٹ ٹریننگ ہونے پر ختم ہوجاتی ہے- اگرچھوٹے بچوں میں شکایت زیادہ عرصے (تین سے چار دن سے زیادہ) تک رہے یا بچہ ایک دن میں دس یا اس سے زیادو دفعہ پتلے پاخانے کررہا ہو تو فوراَ معالج سے رجوع کریں-