04/10/2025
کیا آپ ماہانہ دس لاکھ کمانا چاہتے ہیں؟
تو بس یہ تحریر آپ ہی کے لیے ہے۔۔۔
آج کے دور میں:۔۔۔
چھوٹی چھوٹی عمر کے بچے ماہانہ دس لاکھ سے زیادہ کما رہے ہیں۔۔۔
خواتین گھر بیٹھے لاکھوں کما رہی ہیں۔۔۔
نوجوان کالج اور یونیورسٹی کے دوران ہی دس لاکھ سے اوپر کمانا شروع کر رہے ہیں۔۔۔
حتیٰ کہ ایک بزرگ شخص نے بھی اچانک دس لاکھ سے زیادہ کمانا شروع کردیا ہے۔۔۔
ایک انتہائی غریب گھرانے کے لڑکے نے ماہانہ دس لاکھ سے زائد کما کر اپنا گھر خرید لیا ہے۔۔۔۔
اب اگر آپ نے ماہانہ دس لاکھ کمانا شروع نہ کیا تو آپ مر جائیں گے۔۔۔۔۔
گھبرائیں نہیں!!! واقعہ یہی ہے کہ ان دس لاکھ روپوں کو یا زیادہ پیسے کو ایسے بنا کر پیش کیا جارہا ہے گویا اس کے بغیر آپ کی سانسیں نہیں چلیں گی۔۔۔ دل دھڑکنا بند ہوجائے گا۔۔۔ اور نبض رک جائے گی۔۔۔
خدارا ان "ہنی ٹریپس" میں آنا بند کریں!۔۔۔
زندگی صرف مادّی دوڑ اور دولت کے پیچھے اندھا دھند بھاگنے کا نام نہیں ہے۔۔۔
اگر آپ کی بنیادی ضروریات پوری نہیں ہورہیں تو سب سے پہلے انہیں پورا کرنے کی فکر کریں۔۔۔
اور اگر ضروریات پوری ہورہی ہیں تو اللہ کا شکر ادا کریں اور کوشش کریں کہ دوسروں کو بھی فائدہ پہنچا سکیں۔۔۔ ہاں! اپنے لائف اسٹائل کو بہتر کرنے کی خواہش فطری ہے، لیکن یہ خواہش کبھی "آبسیسیو ڈرائیو" نہ بن جائے۔۔۔
یہ مسئلہ دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے کہ زیادہ کمانے کا چورن بیچنے والوں۔۔۔ اور چند مذہبی ماڈلز کو دیکھ دیکھ کر نوجوان "سوشل کمپیریزن ٹریپ" (یعنی دوسروں سے مسلسل اپنا موازنہ کرنے کی عادت) پھنستے جارہے ہیں۔۔۔ یہی سوشل کمپیریزن انسان کو جائز و ناجائز کا خیال کئے بغیر بس پیسہ پیسہ پیسہ کی دوڑ میں لگا دیتا ہے۔۔۔
اور نتیجہ کیا نکلتا ہے؟
نوجوان مسلسل انزائٹی اور ڈپریشن کے شکار ہوتے چلے جارہے ہیں۔۔۔
زیادہ کمانا برا نہیں ہے۔۔۔ لیکن اس کے پیچھے دیوانہ وار دوڑنا آبسیشن بھی ہے اور پاگل پن بھی۔۔۔
وہ لوگ جن کا سارا کانٹینٹ "ماہانہ دس لاکھ" کے عنوان پر بک رہا ہے، وہی آپ کو "سائیکلوجیکلی مینیپولیٹ" کر رہے ہیں۔۔۔ اور آپ اس جال میں پھسنتے پھنستے تنہا رہ جانے کے خوف میں مبتلا ہوکر، دلدل میں دھنستے چلے جاتے ہیں۔۔۔
ارے بھائی تم کسی سے پیچھے نہیں رہے۔۔۔ اپنا مقابلہ خود اپنے ساتھ کرو۔۔۔ کماو بھی کھاو پیو بھی۔۔۔ لیکن ایسے نہ ہوجاو کہ اس کے بغیر نیند ہی نہ آئے۔۔۔
اسی سوچ اور فکر کی بدولت کہ فلاں فلاں اور فلاں مجھ سے آگے نکل گیا۔۔۔ یا فلاں بچے نے بھی اتنا کمانا شروع کردیا ہے۔۔۔ نوجوانوں میں دھوکہ دہی اور فراڈ عام ہوگیا ہے۔۔۔
زیادہ کمانے کی کوشش بری نہیں ہے۔۔۔ لیکن "زیادہ" کو زندگی کی واحد تعریف سمجھ لینا دماغی عارضہ ہے۔۔۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ آپ مطمئن رہیں۔۔۔ پرسکون رہیں۔۔۔ شکر ادا کریں۔۔۔ اور اپنی ضرورت سے بڑھ کر دوسروں کے کام آئیں۔۔۔۔
رضوان اللہ