29/04/2026
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی تونسہ میں اتائیوں پر کریک ڈاؤن، 106 اتائیت کے مراکز سیل
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) نے تحصیل تونسہ، ضلع ڈیرہ غازی خان میں اتائیت کے خلاف بھرپورمہم کے دوران 106 اتائیت کے مراکز سیل کر دیے۔ یہ کارروائیاں 15 تا 27 اپریل 2026 کے دوران کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جعلی معالجین اور غیر رجسٹرڈ مراکز کے خلاف مہم میں پی ایچ سی کی ٹیموں نے 653 چھاپے مارے۔ اس دوران 73 مراکز فعال پائے گئے، جنہیں سیل کر دیا گیا۔ ان میں 43 جنرل اتائیوں کے مراکز، 4 ایکسرے مراکز، 7 ڈینٹل اتائی، 12 میڈیکل سٹورز (جہاں اتائیت جا ری تھی)، 2 تب، 2 آئی سنٹر، 1 حکیم، 1 کلیکشن سنٹر اور 1 میٹرنٹی ہوم شامل تھا۔
اس کے علاوہ 33 مزید ایسے مراکز کو سیل کیا گیا، جہاں اتائی ممکنہ کارروائی کے خدشے سے پہلے ہی فرار ہو گئے یا مرکز بند کر چکے تھے۔ ان میں 17 جنرل اتائیوں کے مراکز، 6 دندان ساز، 3 ایکسرے سنٹر، 3 پیتھالوجی لیبارٹری، 1 میٹرنٹی ہوم، 1 میڈیکل سٹور (جہاں اتائیت جا ری تھی)، اور 2 حکیم شامل تھیں۔ ان کے خلاف کمیشن کی ٹیموں نے ثبوت اکٹھے کر لیے تھے۔
علاوہ ازیں، آٹھ علاجگاہوں کو پی ایچ سی سے رجسٹریشن کے بغیر کام کرنے پر نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن کا عمل لازماً مکمل کریں۔