02/05/2026
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا ڈاکٹر احمد فیصل نے ریجنل ڈائریکٹر ہزارہ ڈویژن ڈاکٹر علی محمد خان، سینیئر پروونشل ڈرگ انسپیکٹر ضلع مانسہرہ شکیل نواز اعوان اور انڈیپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ ٹیم کے ہمراہ کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے آغاز پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر جواد مجید سواتی، ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد امجد اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر الیاس قریشی سے تفصیلی ملاقات کی گئی، جس میں ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر احمد فیصل نے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر جواد مجید سواتی کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی، آئی سی یو، سی سی یو، ڈائلیسز یونٹ، سی ٹی سکین، ایم آر آئی، لیبارٹری، میڈیسن سٹور، آرٹیکل سٹور اور ڈینٹل یونٹ کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔
مزید برآں سٹاف کی حاضری، صحت سہولت پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات، ریکارڈ رجسٹرز اور داخل مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے علاج و معالجہ اور سہولیات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
دورے کے دوران صدر پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن راجہ ظہور عباسی اور سیکرٹری جنرل حاجی محمد نذیر بھی موجود تھے، جنہوں نے پیرامیڈیکل سٹاف کی کارکردگی اور خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
آخر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
✍️ رانا منیر احمد
ترجمان، پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن
کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ
fans
PMA KATH