
13/09/2025
آج کل میٹھے بازار میں بکثرت نظر آتے ہیں اور سمجھدار لوگ آپ کو سر ِبازار اِن کو چُوستے بھی نظر آئیں گے اور اگر کبھی آپ میٹھے چُوسنے کے کسی شوقین سے اس پھل کے بارے میں دریافت کریں تو وہ آپ کو بتائے گا کہ یہ پھل انسانی صحت کے لیے انتہائی مُفید ہے اور اس کے بیشمار فائدے ہیں، جس نے اُسے میٹھوں کا دیوانہ بنایا ہُوا ہے۔
میٹھوں کو انگریزی میں بہت سے ناموں سے پکارا جاتا ہے جیسے کہ Persian Lime, Bearss Lime, Thaiti Lime وغیرہ وغیرہ۔ اس پھل کا تعلق Citrus Fruit فیملی سے ہے، جس کے پھل عام طور پر کھٹے ہوتے ہیں، مگر میٹھے اور مُسمی اس فیملی کے دو ایسے پھل ہیں، جن کا ذائقہ کھٹا نہیں ہوتا.
دوسرے Citrus فروٹس کی طرح میٹھے بھی وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور وٹامن سی کارڈیو ویسکولر بیماریوں کا دُشمن ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق میٹھوں کا جوس دل کو خون لیجانے والی نالیوں سے چربی اور گندگی کی صفائی کر دیتا ہے اور دل کی بیماریوں میں اس کا استعمال انتہائی مُفید ہے۔
ایک اور تحقیق کے مطابق وٹامن سی کی کمی دل کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ فالج جیسی بیماری کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔ صرف 2 بائی 2 انچ کا ایک میٹھا انسانی جسم کو روزانہ کی ضرورت کا 22 فیصد وٹامن سی مہیا کرتا ہے.
وہ لوگ جو وٹامن سی کا استعمال کرتے ہیں، اُن میں سانس کی بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ بہت کم ہوتا ہے. ایک تحقیق کے مطابق استھما کی بیماری میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر لوگ وٹامن سی کی کمی کا شکار ہوتے ہیں۔
صرف 4 میٹھے روزانہ چوسنے سے ہمارے جسم کی روزانہ کی وٹامن سی کی طلب پُوری ہو جاتی ہے۔
اگر100 روپے کلو والے میٹھے آپ کو سیکڑوں روپے کی میڈیسن سے دور رکھیں تو اس میں بُرا کیا ہے ۔