24/01/2024
نومو فوبیا Nomophobia
یہ No-mobile-phone-phobia کی شارٹ فارم ہے۔ اسے موبائل اڈیکشن بھی کہا جاتا ہے۔ اس ٹرم کو DSM-IV کی کچھ تعریفوں سے اخذ کیا گیا ہے جن میں کسی خاص چیز کے فوبیا کا ذکر ہے۔ مگر ابھی تک یہ ٹرم آفیشلی DSM-V میں شامل نہیں کی گئی۔ تو آئیے پہلے گن لیتے ہیں کہ آپ میں علامات کی تعداد کتنی ہے۔ درست جواب کو گنتے جائیں۔
1. آپ موبائل فون کی بیٹری 40 فیصد پر آنے کی صورت میں پریشان ہونے لگتے ہیں کہ اسے کسی طرح دوبارہ چارج کرنا ہے۔
2. گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے، چھت، لونگ ایریا اور کچن میں بھی موبائل ساتھ لے جاتے ہیں۔ آپ واک کرنے یا گلی میں موجود دوکان سے سودا سلف یا دودھ دہی لینے جاتے ہوئے بھی فون ساتھ لے کر جاتے ہیں۔
3. آپ واش روم میں نہ صرف خود پکڑ کر موبائل لے جاتے ہیں بلکہ وہاں اسکا استعمال بھی کرتے ہیں۔
4. آپ آوٹ آف سروس یا آؤٹ آف انٹرنیٹ ایریا میں ہوں تو آپ کی شدید بے چینی اور اضطراب کی کیفیت ہوتی ہے۔
5. آپ کھانا کھاتے ہوئے چائے پیتے ہوئے بھی موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔۔
6. آپ اپنے والدین بہن بھائیوں بیوی بچوں اور دوستوں کے پاس بیٹھ کر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں یا کسی سے چیٹ کر رہے ہوتے ہیں۔۔
7. آپ صبح اٹھ کر سب سے پہلے نوٹیفکیشن چیک کرتے ہیں اور رات کو سونے سے قبل آپ کا آخری ساتھی موبائل ہی ہوتا ہے۔
8۔ آپ مسجد چرچ مندر وغیرہ سے نکل کر سب سے پہلے موبائل فون دیکھتے ہیں۔
9. سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ شئیر کرکے بار بار اسکے کمنٹس لائیکس اور شئیر دیکھتے رہتے ہیں۔ آپ کا دماغ اس پوسٹ کو ہی فالو کر رہا ہوتا ہے۔
10. آپ موبائل فون کو جاگتے ہوئے یا سوتے ہوئے خود سے پانچ فٹ کی دوری پر نہیں رکھ سکتے۔
11. آپ ہر دو سے تین گھنٹے بعد سوشل میڈیا خصوصاً میٹا کمپنی کی تین ایپس فیس بک انسٹا گرام اور وٹس ایپ کا پھیرا لگاتے ہیں۔
12. آپ کا جس دن انٹرنیٹ پیکج ختم ہونا ہو آپ ایک دن پہلے ہی اسے ری نیو کر لیتے ہیں۔
13. آپ دوران ڈرائیونگ بھی میسج پڑھتے اور ٹائپ کرتے ہیں۔
14. آپ ورک پلیس پر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔
15. آپ موبائل فون استعمال کرکے تھک جاتے ہیں پھر بھی ایک ایپ سے دوسری اور وہاں سے تیسری پر بس سرفنگ کرتے رہتے ہیں۔
16. آپ چھ گھنٹے تک موبائل فون کی اسکرین اور نوٹی فکیشن دیکھے بغیر نہیں نکال سکتے۔
17. آپ کو یہ سوچ کر خوف آتا ہے کہ میرا وٹس ایپ ڈیٹا نہ ڈیلیٹ ہو جائے۔
18. آپ نے موبائل پر فنگر پرنٹ پاسورڈ پھر دیگر ایپس پر مزید سیکیورٹی اور پھر انکے اندر اور سیکیورٹی لگا رکھی ہے۔ جیسے فون کے بعد وٹس ایپ کا فنگر پرنٹ پھر آگے کسی مخصوص چیٹ کو ایک اور لاک۔
19. آپ ایک ہی پوسٹ یا مواد تین سے چھ پلیٹ فارمز پر شئیر کرتے ہیں۔
20. آپ ایک دن میں 24 بار سے زائد موبائل کو صرف آئے ہوئے نوٹیفکیشن دیکھنے کے لیے ان لاک کرتے ہیں۔
جی تو بیس میں سے کتنے سوالوں کا جواب ہاں ہے؟ اگر 11 سوالوں کا جواب ہاں ہے تو آپ ایک Disorder نومو فوبیا سے moderate لیول پر متاثر ہو چکے ہیں۔ آپ اور اس وقت پوری دنیا میں چار ارب موبائل فون استعمال کرنے والوں کا 70.21 فیصد تناسب اس ڈس آرڈر سے درمیانے درجے کا متاثر ہو چکا ہے۔ اگر ان بیس میں سے 16 سوالوں کا جواب ہاں ہے تو آپ شدید لیول پر متاثرہ ہیں اور آپ موبائل فون استعمال کرنے والوں کا 20 فیصد تناسب ہیں۔
بہت جلد آپ کے ساتھ جو پیش آنے والا ہے وہ کچھ یوں ہے۔ آپ مسلسل بے سکون رہیں گے۔ یاداشت میں کمی آئے گی اور آپ خود کلامی کرنے لگیں گے۔ آپ کا فون آپ کے قریب نہیں ہوگا تو آپ کو Panic attacks ہونے لگیں گے۔ آپ کا جسم کانپنے لگے گا اور آپ کو پسینہ آنے لگے گا۔ آپ کسی کو اپنا مدعا سمجھا نہیں سکیں گے۔ اکیلے رہنا پسند کریں گے۔ کام کی مقدار اور کوالٹی دن بدن گرتی جائے گی۔ آپ کو فوکس کرنے میں شدید لیول کی دشواری ہوگی۔ آپ کوئی نئی چیز تخلیق نہیں کر پائیں گے اگر آپ کا کام کچھ ایسا ہے۔ دنیا بھر میں خواتین اور نوجوانوں مرد+خواتین (عمر 18 سال سے لے کر 34 سال تک) کی تعداد اس بیماری سے متاثر لوگوں میں 79 فیصد ہے۔ اور شدید لیول پر یہی لوگ متاثرہ ہیں۔
جب آپ کو علم ہو کہ آپ کے موبائل کا انٹر نیٹ ڈیٹا نہیں چل رہا یا وائی فائی بند ہے۔ یا موبائل نیٹ ورک نہیں ہے۔ یا آپ کا فون آپ کی جیب یا ہاتھ میں نہیں ہے تو یہ کیفیات آپ کو بے سکون اور Anxiety کا احساس دلانے لگتی ہیں۔ اس بیماری کی معمولی علامات کو کو ٹرگر کرنے والی یہی تین چار چیزیں ہیں۔ اس کی خطرناک اور ہسپتال لے جانے والی علامات بھی ابھی پیچھے ہیں۔ جن کا علاج کیے بغیر مریض ٹھیک نہیں ہو سکتا۔