19/09/2025
ایچ پی وی (HPv) ویکسین میں خاص کیا ہے ؟
تحریر و تلخیص:- یا سین
HPV ایک وائرس ہے جو جلد اور جھلیوں پر حملہ کرتا ہے اور بعض اوقات کینسر یا مسے (warts) کا باعث بن جاتا ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے ایک خاص ویکسین بنائی گئی ہے جسے HPV ویکسین کہتے ہیں۔ یہ ویکسین بیماری کے بعد علاج نہیں کرتی بلکہ پہلے سے بچاؤ دیتی ہے۔
اس ویکسین میں وائرس کا اصل جینیاتی مادہ (DNA) شامل نہیں ہوتا بلکہ صرف اس کا خ*ل (L1 پروٹین) بنایا جاتا ہے۔ یہ خ*ل بالکل وائرس جیسا نظر آتا ہے لیکن بیماری نہیں کرتا۔ اسے Virus-Like Particles یا VLPs کہا جاتا ہے۔ جب یہ جسم میں داخل ہوتے ہیں تو ہمارا مدافعتی نظام دھوکہ کھا کر سمجھتا ہے کہ یہ وائرس ہے اور فوراً حفاظتی پروٹین یعنی اینٹی باڈیز بناتا ہے۔ ساتھ ہی کچھ خلیے (Memory B-cells) اسے یاد بھی رکھ لیتے ہیں تاکہ مستقبل میں اگر اصل وائرس آ جائے تو فوراً حملہ کر کے اسے ختم کر دیں۔
اس ویکسین میں کچھ اضافی اجزاء بھی ہوتے ہیں جو اس کے اثر کو بڑھاتے ہیں، انہیں adjuvants کہا جاتا ہے۔ مثلاً aluminium salts یا AS04 جو مدافعتی نظام کو زیادہ متحرک کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ stabilizers بھی ڈالے جاتے ہیں جیسے نمک (sodium chloride)، امینو ایسڈ (L-histidine)، polysorbate 80 وغیرہ تاکہ ویکسین محفوظ رہے اور خراب نہ ہو۔ یہ سب اجزاء بہت کم اور محفوظ مقدار میں ہوتے ہیں۔
HPV ویکسین کی کئی اقسام ہیں، جیسے Gardasil-9 جو 9 مختلف خطرناک وائرس ٹائپس سے بچاتی ہے، اور Cervarix جو خاص طور پر 2 ٹائپس (16 اور 18) کے خلاف مدافعت فراہم کرتی ہے۔
چونکہ اس میں وائرس کا DNA نہیں ہوتا اس لیے یہ بیماری پیدا نہیں کر سکتی، صرف جسم کو تیار کرتی ہے۔ تحقیق کے مطابق یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور دنیا بھر میں اسے کینسر اور دوسری بیماریوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال سمجھا جاتا ہے۔
یہ ویکسین تین مرحلوں میں کام کرتی ہے: لگنے کے بعد VLPs مدافعتی نظام کو متحرک کرتے ہیں، اینٹی باڈیز اور memory B cells بنتی ہیں، اور اگر مستقبل میں وائرس جسم میں آئے تو یہ مدافعتی خلیے فوری ردعمل دے کر وائرس کو روک لیتے ہیں۔ چونکہ اس میں وائرس کا جینیاتی مواد شامل نہیں ہوتا اس لیے انفیکشن کا خطرہ نہیں ہوتا۔
یہ ویکسین مختلف ریگولیٹری مراحل اور کلینکل ٹرائلز کے بعد عالمی ادارہ صحت (WHO) اور دوسرے اداروں سے منظور ہو کر مارکیٹ میں آتی ہے۔ امیر ممالک اسے خریدتے ہیں جبکہ غریب ممالک میں یہ زیادہ تر ڈونیشن یا عالمی پروگرامز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ مقصد بظاہر بیماریوں پر قابو پانا ہوتا ہے لیکن ساتھ ساتھ بڑی طاقتیں اپنی سیاسی اور معاشی ساکھ بھی بناتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک طرف وہ انسانیت کے نام پر ویکسین تقسیم کرتے ہیں اور دوسری طرف جنگوں میں ظلم کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جنگ اور ویکسین الگ معاملات ہیں، جنگ سیاست ہے اور ویکسین سائنس ہے۔ ویکسین کا بنیادی مقصد بیماریوں سے بچاؤ ہے اور HPV ویکسین دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر سمجھی جاتی ہے، اگرچہ ہلکے سائیڈ ایفیکٹس جیسے بخار یا درد ہو سکتے ہیں۔
یہ معلومات مستند ذرائع سے لی گئی ہیں، جن میں CDC (Centers for Disease Control, USA)، WHO، CHOP (Children’s Hospital of Philadelphia Vaccine Education Center)، اور سائنسی تحقیقی جرائد شامل ہیں (مثلاً PMC, PubMed Central)، نیز ویکسین پروڈیوسرز کی تفصیل (Gardasil اور Cervarix) کے ریفرنسز بھی استعمال کیے گئے ہیں۔
لھذا پروپیگنڈوں سے بچیں اور اپنے بچیوں کی مستقل کا فکر کریں تاکہ اس مہلک مرض سے نجات مل جائے ۔
Courtesy Kohat Doctors information کوہاٹ ڈاکٹرز معلومات