
18/09/2025
آج دل بے حد بوجھل ہے… ہمارے محسن، رہنما اور ریسرچ کے استاد سر فرحان محبوب اچانک دل کے دورے کے باعث ہمیں چھوڑ گئے۔ یہ خبر نہ صرف ناقابلِ یقین ہے بلکہ دل کو چیر دینے والی بھی ہے۔
سر فرحان محبوب نے NCBAE اور KFUEIT میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ ایک بہترین محقق، اصول پسند استاد اور اپنے شاگردوں کے لیے مشعلِ راہ تھے۔ ان کی تدریسی زندگی طلبہ کے لیے محنت، دیانت اور تحقیق میں سنجیدگی کی روشن مثال ہے۔
سر فرحان ان اساتذہ میں سے تھے جو بظاہر سخت نظر آتے تھے مگر ان کی سختی کے پیچھے ایک بے حد مخلص جذبہ چھپا ہوتا تھا۔ وہ ہمیں محنت کرنا سکھاتے، وقت کی پابندی اور تحقیق میں سنجیدگی کو اپنی مثالوں سے سمجھاتے۔ اُن کی باتیں اُس وقت شاید کڑوی محسوس ہوتی تھیں مگر آج سوچتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ وہی باتیں دراصل زندگی کے سب سے بڑے سبق تھیں۔
وہ ایک اصولوں والے استاد تھے، سچائی اور دیانت داری کو ہمیشہ اولیت دیتے۔ اُن کی شخصیت کا سب سے خوبصورت پہلو یہی تھا کہ وہ کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے تھے۔ ہمیں بار بار یاد دلاتے کہ اصل کامیابی شارٹ کٹ سے نہیں بلکہ محنت، اصول اور ثابت قدمی سے ملتی ہے۔
آج جب وہ ہم میں نہیں رہے تو ان کی بے شمار اچھی باتیں یاد آ رہی ہیں۔ دل میں ایک ہی خواہش بار بار جنم لیتی ہے کہ کاش ہم اپنے پیاروں اور محسنوں کی زندگی میں ہی ان کے مقام اور ان کی قربانیوں کو پہچان سکیں۔ کاش ہم اپنی محبت اور شکریہ کا اظہار وقت پر کر سکیں، جانے کے بعد نہیں…
سر فرحان محبوب کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔ ان کی یادیں، ان کی رہنمائی اور ان کا اندازِ تعلیم ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ سر فرحان محبوب کو اپنی رحمتوں کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین۔
تحریر: انیقہ ظفر