03/08/2025
“سب انسان برابر ہیں”
اس کا مطلب یہ نہیں کہ سب انسان ایک جیسے رنگ، قد اور جسمانی ساخت کے مالک ہیں۔
اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ سب انسانوں کی ذہنی صلاحیتیں ، مطالعہ اور تعلیم مساوی ہے۔
اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ سب کا پوٹینشل،مستقبل اور کام کا معیار ایک جیسا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ بنیادی انسانی ضروریات پر سب انسانوں کا برابر کا حق ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آزادی کا حق کسی انسان سے چھینا نہیں جا سکتا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی انسان کو خوشی کے حصول سے روکا نہیں جا سکتا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ سب انسانوں کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے برابر کے مواقع میسر ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رنگ، نسل، جنس اور عقیدے کی بنیاد پر کسی کو انسانی حقوق سے محروم کرنے کا حق کسی کے پاس نہیں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنا رہ نما اور اپنا نمائندہ چننے کا حق سب کا برابر ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان کو انسان سے محبت کرنا سیکھنی ہو گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بندوق کی نال میں پھولوں کی پنیری اگانی ہو گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر بالغ کو انسانیت کا سبق بچوں سے سیکھنا ہو گا۔
کیا یہ سب ہو رہا ہے ؟ نہیں
کیا سب انسانوں کو برابر سمجھا جا رہا ہے ؟ نہیں
کیا سب انسان محبت کے قائل اور نفرت مخالف ہیں؟ نہیں
لیکن یہی تو امتحان ہے۔ یہی اصل آزمائش ہے، یہی مقصد حیات ہے۔ اسی لیے ہم زمین پر اتارے گئے ہیں۔ میں بھی، تم بھی۔
بس ایک ہی خواب ہے جو ہماری مشترکہ میراث ہے۔
انسانوں کی برابری کا خواب
حاشر ارشاد