03/07/2025
خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گردوں کی پیوند کاری کے شعبے کا افتتاح
مورخہ 3 جولائی 2025 کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال (KTH) میں گردوں کی پیوند کاری (Kidney Transplant OPD) کے باقاعدہ شعبے کا افتتاح کیا گیا۔ اس اہم تقریب کے مہمانِ خصوصی محترم جناب احتشام ایڈووکیٹ (مشیر صحت برائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا) تھے، جنہیں ڈاکٹر ظفر آفریدی (ڈائریکٹر ہسپتال) اور ڈاکٹر سجاد داور (میڈیکل ڈائریکٹر) نے پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سجاد داور نے جناب احتشام علی کو گردوں کے نئے شعبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے ڈائلیسس یونٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر شاہد احمد (ڈائریکٹر، پراجیکٹ ٹرانسپلانٹ) نے بتایا کہ 80 فیصد مریض گردوں کی پیوندکاری کے لیے موزوں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر آگاہی مہمات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بروقت علاج ممکن ہو اور پیوندکاری کی نوبت نہ آئے۔
ڈائلیسس یونٹ میں پروفیسر ڈاکٹر عامر اظہر (چیئرمین نیفرولوجی) نے کہا کہ گردے کی پیوندکاری مریض کی زندگی کا معیار بہتر بناتی ہے۔ جناب احتشام علی نے اس بات سے اتفاق کیا اور منصوبے کو مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کروائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جناب احتشام علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحت کے شعبے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ پراجیکٹ یونٹ قائم کیا جائے گا، اور ضلع سوات، چترال، دیر اور ہزارہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مزید ڈائلیسس یونٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ صحت کارڈ کے ذریعے گردوں کے مریضوں کو آسان علاج میسر آ سکے۔
ڈاکٹر ظفر آفریدی نے ہسپتال کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے وژن کے مطابق مریضوں کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔