
18/09/2024
بعض اوقات ہمارے چہرے، پاؤں یا ہاتھوں کی جلد چھلکوں کی صورت میں اترنے لگتی ہے۔ چھلکے والی جلد کا علاج مختلف طریقوں سے ہوتا ہے۔ اس کا انحصار چھلکے اترنے کی وجہ پر ہوتا ہے۔
وجوہات کیا ہیں
اس کی یہ وجوہات ہو سکتی ہیں:
٭ گرمی، بہت زیادہ خشک یا ٹھنڈا موسم
٭ واشنگ پاؤڈر یا برتن دھونے والے مواد سے رابطہ
٭ بار بار ہاتھ دھونا
٭ وٹامن اے کی حامل مصنوعات کا زیادہ استعمال
٭ ادویات کے سائیڈ افیکٹس
٭ بیماریاں مثلاً ایگزیما، الرجیز یا انفیکشنز
٭ جینیاتی مسائل
٭ سن برن
کرنے کے کام
اس مسئلے کا سبب کوئی بیماری ہو تو اس کا علاج کروائیں۔ دیگر صورتوں میں جلد کو ٹھیک کرنے اور بے آرامی دور کرنے کے لیے ان باتوں پر عمل کریں:
٭ منہ ہاتھ دھونے کے بعد انہیں ایسے خشک کریں کہ یہ تھوڑے بہت نم رہیں۔ پھر ان پر موائسچرائزر لگائیں۔ خشکی کی وجہ سے جلد اتر رہی ہوگی تو ایسا کرنے سے ٹھیک ہو جائے گی۔ شیا بٹر، ہائلورونک ایسڈ، لیکٹک ایسڈ، گلیسرین اور لینولین وغیرہ کے حامل موائسچرائزر استعمال کریں۔
٭ چھلکے اترنے کا سبب سن برن ہو تو متاثرہ حصے کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور ایلوویرا جیل لگائیں۔
٭ کھیرا کاٹ کر اسے جلد پر 10 سے 15 منٹ کے لیے نرمی سے رگڑیں۔ پھر متاثرہ حصے کو دھو کر اس پر موائسچرائزر لگا لیں۔
٭ متاثرہ حصے پر دن میں دو سے تین مرتبہ ناریل یا زیتون کا تیل لگائیں۔
٭ سینی ٹائزر استعمال کرتے ہوں تو اس کے خشک ہونے کے بعد کریم لگائیں۔
٭ 5 یا 10 منٹ سے زیادہ نہ نہائیں۔
٭ عام حالات میں اور بالخصوص سفر کرتے ہوئے پانی او ر دیگر مشروبات پیتے رہیں۔
٭ ہوا میں نمی برقرار رکھنے کے لیے ہیومیڈیفائر استعمال کریں۔
٭ سن سکرین لگائیں۔
ان کاموں سے گریز کریں
٭ چھلکے اترنے کا سبب سن برن ہو تو تیل یا پٹرولیم کی حامل مصنوعات نہ لگائیں۔
٭ اینٹی بیکٹیریل یا خوشبو والے کلینزر استعمال نہ کریں۔
٭ ایسی مصنوعات استعمال نہ کریں جن میں الکوحل، ایلفا ہائیڈروکسی ایسڈ اور بینزوئل پر آکسائیڈ شامل ہوں۔ ان سے جلد مزید خشک ہوگی۔
٭ وہ مصنوعات (astringents) استعمال نہ کریں جو جلد سے نمی کو جذب کر لیتی ہوں۔
٭ ہاتھ، منہ دھونے یا نہانے کے بعد جلد کو خشک کرنا ہو تو اسے رگڑیں نہیں بلکہ نرمی سے تھپتھپا کر خشک کریں۔
٭نہانے کے لیے زیادہ گرم پانی استعمال نہ کریں۔