
15/05/2025
طلبہ کا وڈھ کیمپس میں جاری احتجاج کے حق میں کلاسز اور پیپرز سے بائیکاٹ کا اعلان
اساتذہ کے مطالبات کی حمایت میں احتجاج جاری
وڈھ ;لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے سب کیمپس وڈھ کے طلبہ نے اساتذہ کے مطالبات کی حمایت میں کلاسز اور امتحانات سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ طلبہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جب تک اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ کلاسز میں شرکت نہیں کریں گے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ وڈھ کیمپس 2017 میں قائم ہوا، لیکن آج تک یہ ایک نجی اسکول کی عمارت میں چلایا جا رہا ہے۔ نہ صرف کیمپس کے لیے مستقل عمارت فراہم کی گئی، بلکہ ہاسٹل جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں کی گئیں۔
طلبہ کے مطابق کیمپس کے کچھ اساتذہ نے آٹھ سال سے خدمات سرانجام دی ہیں، مگر اب تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ حالیہ سنڈیگیٹ اجلاس میں لوئر اسٹاف کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مین کیمپس اتھل کی انتظامیہ کا رویہ وڈھ کیمپس کے ساتھ ابتدائی دنوں سے ہی غیر سنجیدہ اور غیر منصفانہ رہا ہے۔
طلبہ نے واضح کیا کہ وہ اپنے کیمپس کے استحصال کو مزید برداشت نہیں کریں گے اور مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اساتذہ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے، ورنہ احتجاج جاری رہے گا____