03/11/2025
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں پیجنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح
اس سسٹم کے تحت مریضوں کو ان کی طبی حالت کی شدت کے مطابق دیکھا جائے گا تاکہ شدید بیمار مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے اور انہیں انتظار نہ کرنا پڑے۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان
ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں جدید اوور ہیڈ ایمرجنسی پیجنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح جمعہ کے روز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے فیتہ کاٹ کر سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی ہیڈ ڈاکٹر اطہر لودھی کے علاوہ ایمرجنسی کے فرنٹ لائن ہیروز موجود تھے۔
یہ جدید پیجنگ سسٹم ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں تیز، موثر اور قابلِ اعتماد رابطے کو یقینی بنانے کے لیے نصب کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے ایمرجنسی میں پیش آنے والے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال پر فوری ردِعمل ممکن ہو سکے گا۔ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان کے ویژن کے مطابق یہ اقدام ایمرجنسی کے ورک فلو اور کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے گا۔
اس سسٹم کے ذریعے عوامی آگاہی کے پیغامات بھی نشر کیے جائیں گے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو نئے پیشنٹ کیئر پاتھ ویز سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس نظام کے تحت مریضوں کو ان کی طبی حالت کی شدت کے مطابق دیکھا جائے گا تاکہ شدید بیمار مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے اور انہیں انتظار نہ کرنا پڑے۔
فرنٹ لائن ہیروز سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ سسٹم ایمرجنسی میں بہتر رابطے، بروقت فیصلے، اور مؤثر علاج کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایمرجنسی کے فرنٹ لائن اسٹاف کی خدمات کو بھی سراہا جو دن رات مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔
چیرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل اور دیگر بورڈ ممبران کے وژن کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی کو جلد ہی عالمی معیار کی بہترین ایمرجنسی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں مریضوں کے علاج و نگہداشت کے میدان میں ایک مثال بننے جا رہا ہے۔