20/11/2025
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل وارڈ سی میں جدید کمپیوٹر ٹرالی سسٹم کا باضابطہ آغاز
یہ اقدام بورڈ آف گورنرز کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ہسپتال کے تمام شعبوں میں جدت شفافیت اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک
ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کو مریضوں کے ریکارڈ تک فوری رسائی ملے گی جس سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی نئے کمپیوٹر ٹرالی سسٹم کے ذریعے لیبارٹری رپورٹس، ریڈیالوجی امیجز اور دیگر اہم ڈیٹا کے لیے پرنٹنگ کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک
تفصیلات کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل کے وژن کے مطابق جدید کمپیوٹر ٹرالی سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس جدید سسٹم کا افتتاح میڈیکل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے کیا۔
افتتاح کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے کہا کہ کمپیوٹر ٹرالی سسٹم مریضوں کے علاج کے پورے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نظام کی کامیابی کے بعد اسے دوسرے وارڈز میں بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال میں ٹیکنالوجی کا موثر اور وسیع استعمال ممکن بنایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام بورڈ آف گورنرز کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ہسپتال کے تمام شعبوں میں جدت شفافیت اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔
میڈیکل ڈائریکٹر نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو بھی بھرپور سراہا اور کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے علاج میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر ٹرالی کے استعمال سے ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کو مریضوں کے ریکارڈ تک فوری رسائی ملے گی جس سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی۔
نئے کمپیوٹر ٹرالی سسٹم کے ذریعے لیبارٹری رپورٹس، ریڈیالوجی امیجز اور دیگر اہم ڈیٹا کے لیے پرنٹنگ کی ضرورت ختم ہو جائے گی جس سے اسپتال کے اخراجات میں کمی آئے گی اور پیپرلیس پالیسی کو فروغ ملے گا۔اس جدید سہولت سے مریضوں کی بیماری کی تشخیص میں آسانی ہوگی علاج کا معیار بہتر ہوگا اور اسٹاف کے ورک فلو میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ نظام ہسپتال کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف ایک اہم قدم آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسے جدید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کو جدید ترین طبی سہولیات کے اعتبار سے صوبے میں ایک مثالی ادارہ بنایا جا سکے۔