05/01/2026
باغ آزاد کشمیر
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر ممتاز نے ضلع باغ کا دورہ کیا،
جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ دورے کے دوران ڈاکٹر ممتاز نے ہسپتالوں کو درپیش مسائل پر ڈاکٹرز، طبی عملے اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیا اور موقع پر ہی متعدد امور کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر ممتاز نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے ضلع باغ اور گرد و نواح کے عوام کو تشخیصی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی اور مریضوں کو دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں نچلی سطح کی کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شفاف نظام کے ذریعے کرپشن کا دروازہ بند کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ممتاز کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی ہیلتھ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جو آزاد کشمیر کا پہلا ڈیجیٹلائزڈ ہسپتال بن چکا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے تحت مریضوں کا ریکارڈ، ادویات کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا گیا ہے، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
دورے کے موقع پر ڈاکٹرز اور عوام نے ڈی جی ہیلتھ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان اصلاحات سے ضلع باغ میں صحت کی سہولیات کا معیار مزید بہتر ہوگا۔
تنویر احمد ترجمان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال باغ