08/01/2026
*ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری۔ کل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 10 ہزار تھی، جن می ایمرجنسی میں 4 لاکھ 59 ہزار سے زائد مریضوں جبکہ او پی ڈی میں 5 لاکھ 51 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا۔ بستروں کی گنجائش سے بڑھ کر دباؤ، بیڈ آکوپینسی ریٹ 96.5 فیصد ریکارڈ ہوا۔*
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ کی سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ جسکے مطابق ہسپتال نے محدود مالی وسائل، طبی عملہ کی کمی اور بڑھتے ہوئے مریضوں کے دباؤ کے باوجود سال 2025 کے دوران صحت کی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا۔ ایمرجنسی، او پی ڈی، ان ڈور، تشخیصی خدمات، صحت کارڈ پلس اور جراحی سہولیات میں نمایاں کارکردگی دیکھی گئی۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ ضلع اور ملحقہ علاقوں کی تقریباً 20 لاکھ آبادی کیلئے ایک بڑا ثانوی سطح کا صحت مرکز ہے۔ سال 2025 کے دوران ایمرجنسی (A&E) میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 59 ہزار 498 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ایمرجنسی میں ماہانہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا، جن میں اکتوبر میں سب سے زیادہ 53 ہزار 684 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ مئی میں 45 ہزار 205 اور جون میں 46 ہزار 874 مریض ایمرجنسی لائے گئے۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں سال بھر کے دوران 1502 میڈیکل کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 5840 روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسی طرح 477 آتشیں اسلحہ کے زخمی اور 36 پوسٹمارٹم کیسز نمٹائے گئے۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق ہسپتال کی او پی ڈی میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 51 ہزار 303 مریضوں نے علاج کرایا۔ او پی ڈی میں سب سے زیادہ مریض اکتوبر میں 53 ہزار 132 جبکہ ستمبر میں 52 ہزار 688 ریکارڈ کئے گئے، جو مریضوں کے بڑھتے دباؤ کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ ان ڈور مریضوں کے حوالے سے سال بھر میں مجموعی طور پر 18 ہزار 669 مریض مختلف وارڈز میں داخل کئے گئے۔
میڈیکل وارڈ میں 3701، سرجیکل میں 1362، پیڈیاٹرکس میں 3443، ای این ٹی میں 1406، آرتھوپیڈک میں 331، آئی سی یو/ایچ ڈی یو میں 1744، سی سی یو/کارڈیالوجی میں 732، گیسٹرو میں 1204، ڈائلیسز/نیفرو میں 1425، یورولوجی میں 2345، نیورو میں 68 اور چیسٹ وارڈ میں 398 مریض داخل کئے گئے۔
ہسپتال میں 212 بستروں کے باوجود مریضوں کا دباؤ غیر معمولی رہا اور اوسطا قیام 4 دن کے حساب سے بیڈ آکوپینسی ریٹ 96.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو ہسپتال کی مکمل گنجائش کے استعمال کو ظاہر کرتا ہے۔
سرجیکل کارکردگی کے حوالے سے سال 2025 کے دوران جنرل سرجری میں 1362، آرتھوپیڈک میں 1724، آئی سرجری میں 331، ای این ٹی میں 1306، یورولوجی میں 1274، نیورو میں 68 اور گیسٹرو اینڈوسکوپی کے 6463 کیسز انجام دیئے گئے۔
تشخیصی سہولیات کے تحت ہسپتال میں سال بھر کے دوران 1 لاکھ 38 ہزار 698 ایکس ریز، 1 لاکھ 83 ہزار 846 لیبارٹری ٹیسٹ، 7695 ایکو، 33 ہزار 904 ای سی جی اور 39 ہزار 531 الٹراساؤنڈ کئے گئے۔
صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 6384 کلیمز بنائے گئے، جنکے بدلے 13 کروڑ 90 لاکھ 70 ہزار 659 روپے وصول ہوئے جبکہ اس مد میں 17 کروڑ 23 لاکھ 89 ہزار 42 روپے کے اخراجات برداشت کئے گئے۔
ریفرل سروسز کے تحت 2745 مریضوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور ریفر کیا گیا، جن میں زیادہ تر ٹراما، سر و گردن اور دل کے مریض شامل تھے۔
مالی امور کے حوالے سے ہسپتال نے اپنے ذرائع سے سال 2025 میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 80 لاکھ 67 ہزار 780 روپے کی آمدن حاصل کی جبکہ اخراجات 3 کروڑ 55 لاکھ 34 ہزار 578 روپے رہے۔ ادویات کیلئے 44 ملین روپے کا بجٹ مختص تھا، تاہم ایم سی سی اور لوکل پرچیز کے ذریعے صرف 32 ملین روپے کی ادویات خریدی جا سکیں۔
سال 2025 میں ہسپتال عملے کی شدید کمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا۔ ڈاکٹروں کی 25 فیصد جبکہ مجموعی عملے کی 15 فیصد کمی کے باوجود ہسپتال نے بلا تعطل خدمات جاری رکھیں۔ سال 2025 کے دوران مائنر او ٹی اور مین او ٹی کی تزئین و آرائش، پوسٹمارٹم روم کا قیام، شام کی او پی ڈی کا آغاز اور ایمرجنسی و او پی ڈی سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کو نمایاں کامیابی قرار دیا گیا۔
آخر میں رپورٹ میں سفارش بھی کی گئی ہے کہ خالی آسامیوں کو فوری پر کیا جائے، آئی سی یو اور ٹراما سہولیات کو مضبوط بنایا جائے، سی ٹی سکین، ایم آر آئی اور کیتھ لیب قائم کی جائے اور ادویات کا سالانہ بجٹ 44 ملین سے بڑھا کر 100 ملین روپے کیا جائے تاکہ بڑھتے مریضوں کے دباؤ کو مؤثر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
DHQ Hospital Charsadda is the main Big hospital of the City.