
07/10/2023
زخم ٹھیک کیوں نہیں ہوتے؟؟
کچھ لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ انکو اگر ایک کانٹا بھی چبھ جائے تو وہ زخم بن جاتا ہے اور پھر بتدریج خراب ہوتا جاتا ہے۔ یہ شکایت دیہات کے رہنے والے مریضوں کو زیادہ ہوتی ہے۔
اگر آپ کو کوئی بھی کانٹا چبھ جائے یا چوٹ لگ جائے یا کوئی خراش آجائے تو زخم کے بڑھنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اس صورت حال میں آپ کو کیا کرنا چاہیے؟؟
چلیں میں آپ کو بتاتا ہوں۔
1۔ جب بھی ایسا کوئی زخم ہو اس کو عام پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ اور سپرٹ یا الکوحل سے صاف کریں۔ اگر مٹی لگی ہو تو رگڑ کر وہ مٹی ضرور اتاریں۔ یہ ترکیب ہر طرح کے زخم کے لیے سب سے پہلے کریں۔
2۔ مٹی والا زخم ہو تو ہسپتال جا کر ٹیٹنس یا تشنج کی ویکسین والا ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
3۔ اگر زخم گہرا ہو تو ٹانکے لگوانے کے لیے ہسپتال یا کسی سرجن کے پاس جائیں۔ کوشش کریں کہ ٹانکے لگانے والا دھاگہ سِلک نہ ہو، بلکہ پرلین کا دھاگہ استعمال کروائیں جس میں انفیکشن کا خطرہ کم رہے گا۔
4۔ زخم کی صفائی کے بعد اس کو مٹی سے بچانے کے لیے ڈھانپ کر رکھنا بہت ضروری ہے ورنہ اگلے دن کوئی جراثیم داخل ہو کر انفیکشن کر سکتے ہیں۔ زخم ڈھانپنے کے لیے صاف پٹی یا سنی پلاسٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ روزانہ اس پٹی کو اتاریں،زخم پانی سے دھوئیں اور سپرٹ سے صاف کر کے دوبارہ پٹی کر لیں۔
5۔ لوگوں کو لگتا ہے کہ اچھی اینٹی بائیوٹک گولی یا انجیکشن انکے زخم کو جلدی ٹھیک کر دے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ زخم کی اچھے طریقے سے حفاظت ہی انفیکشن سے بچا سکتی ہے۔ اینٹی بائیوٹک کا کردار بہت کم ہے۔ ۔ بلکہ غیر ضروری اینٹی بائیوٹک الٹا نقصان کر سکتی ہے۔
6۔ اگر آپ کو شوگر ہے تو شوگر کنٹرول میں رکھنا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ اس صورت میں جسم کی اپنی قوت مدافعت کم ہوتی ہے جو جراثیم کا مقابلہ نہیں کر سکتی تو انفیکشن ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ کئی لوگوں کے زخم سال ہا سال تک ٹھیک نہیں ہو پاتے کیونکہ وہ اپنی شوگر کنٹرول نہیں کر پاتے۔ یہ زخم پھر ایسے مریضوں کا پاؤں یا پوری ٹانگ ضائع ہونے کا سبب بھی بن جاتے ہیں۔
7۔ اگر زخم میں انفیکشن شروع ہو جائے پھر اینٹی بائیوٹک لینی چاہیے لیکن پھر بھی زخم کی اچھی طرح صفائی زیادہ ضروری ہوگی ورنہ جتنی مرضی اچھی اینٹی بائیوٹک استعمال کر لیں وہ زخم ٹھیک نہیں ہونے والا۔
عام لوگوں سے شیئر کریں۔