11/02/2026
دورۂ چیئرمین پالیسی بورڈ ایم ٹی آئیز خیبر پختونخوا
خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (KICH) و چلڈرن ہسپتال پشاور
10 فروری 2026 کو چیئرمین پالیسی بورڈ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (MTIs) خیبر پختونخوا، پروفیسر ڈاکٹر نوشیروان برکی نے خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (KICH) و چلڈرن ہسپتال پشاور کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہسپتال کے تعمیراتی اور انتظامی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا، موجودہ مسائل کی نشاندہی کرنا، اور ہسپتال کو جلد از جلد فعال بنانے کے اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔
معزز وفد کا استقبال چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمد رفیق، ممبر بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سلیمان داود خان، ڈائریکٹر KICH و چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر شیر بہادر نے کیا۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W)، پیپاک (PEPAC) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ہسپتال کی عمارت، جاری تعمیراتی کام، طبی آلات کی تنصیب، مالی امور اور انتظامی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس بات پر خاص توجہ دی گئی کہ جو کام باقی ہیں یا جہاں رکاوٹیں موجود ہیں، انہیں فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ ہسپتال کو جلد از جلد عوام کے لیے کھولا جا سکے۔
چیئرمین پالیسی بورڈ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کریں، بروقت فیصلے کریں، اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ KICH و چلڈرن ہسپتال کو ایک مکمل فعال اور جدید بچوں کے ہسپتال کے طور پر جلد شروع کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد رفیق نے آخری مرحلے میں درپیش چند اہم رکاوٹوں کی نشاندہی کی اور ان کے حل کے لیے واضح تجاویز پیش کیں۔ چیئرمین پالیسی بورڈ نے ان نکات سے اتفاق کرتے ہوئے فوری معاونت اور ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی تاکہ منصوبے کی تکمیل اور ہسپتال کی فعالیت میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا بچوں کی صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور اس ہسپتال کو جلد عوام کی خدمت کے لیے فعال بنانے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔