
13/06/2025
ڈاکٹر کی فیس
ایک نامور فنکار ایک دن خاموشی سے سڑک پر چل رہا تھا۔ زندگی کی الجھنوں سے دور، اپنے خیالات میں گم… اچانک ایک خاتون نے اسے پہچان لیا۔ تیزی سے اس کے پاس آئی، آنکھوں میں عقیدت لیے بولی،
"آپ کے فن نے ہمیشہ میرے دل کو چھوا ہے۔ کیا آپ میرے لیے بھی ایک چھوٹا سا شاہکار بنا سکتے ہیں؟"
فنکار نے نرم مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا،
"میرے پاس اس وقت کچھ نہیں، لیکن یقین رکھو، کسی دن تمہارے لیے ضرور کچھ بناؤں گا۔"
لیکن خاتون کی خواہش بےتاب تھی۔
"شاید دوبارہ ایسا موقع نہ ملے… براہِ کرم، ابھی کچھ بنا دیں۔"
فنکار نے گہری سانس لی، جیب سے ایک چھوٹا سا کاغذ نکالا، اور چند لکیریں کھینچنے لگا۔ خاموشی سے بہتا وقت… صرف دس منٹ، لیکن ان لمحوں میں برسوں کی ریاضت، دن رات کی محنت اور جذبے کی جھلک سمٹ آئی۔
خاکہ مکمل ہوا تو اس نے کاغذ خاتون کو تھمایا اور آہستہ سے کہا،
"اسے سنبھال کر رکھنا… اس کی قیمت لاکھوں میں ہے۔"
خاتون حیرت میں ڈوب گئی۔
"دس منٹ کی ایک تصویر اور لاکھوں کی قیمت؟"
یہ سوچتے ہوئے وہ گھر لوٹی اور فنکار کی بات کو پرکھنے کے لیے بازار کا رُخ کیا۔
جب حقیقت اس کے سامنے آئی تو وہ خاموش کھڑی رہ گئی۔ وہ چند لکیریں واقعی قیمتی تھیں، مگر قیمت ان دس منٹ کی نہیں تھی… قیمت اُن تیس سالوں کی تھی جو اس فنکار نے اپنے فن کو سنوارنے میں گزارے تھے۔
وہ دوبارہ فنکار کے پاس آئی، آنکھوں میں احترام لیے،
"آپ کی ہر بات سچ تھی… مگر مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ان دس منٹ کے پیچھے ایک عمر کی محنت چھپی ہے۔"
فنکار مسکرایا،
"ہر وہ چیز جو تمہیں لمحوں میں ملتی ہے، اس کے پیچھے کئی سالوں کی قربانیاں ہوتی ہیں۔"
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ جب ہم چند لمحے کسی ڈاکٹر کے ساتھ گزارتے ہیں، تو وہ لمحے بھی ان کے لیے صرف "چند منٹ" نہیں ہوتے۔ وہ ان راتوں کی قیمت ہوتی ہے جو انہوں نے جاگ کر گزاری، ان دنوں کی قیمت جو انہوں نے اپنے خاندان سے دور تعلیم حاصل کرنے میں گزارے، اور ان لمحوں کی قیمت جو انہوں نے دوسروں کی زندگی بچانے میں وقف کیے۔
ڈاکٹر کی فیس صرف چند منٹ کا حساب نہیں…
یہ ان خوابوں، قربانیوں اور انتھک محنت کا اعتراف ہے جو کسی کو مسکراہٹ لوٹانے کے لیے دی جاتی ہے۔
اگر کبھی دل میں سوال اُبھرے کہ "چند منٹ کی یہ فیس کیوں؟"
تو صرف اتنا یاد رکھیں…
کسی کی زندگی کی سب سے قیمتی سال آپ کی صحت، آپ کی زندگی سنوارنے میں صرف ہوئے ہیں۔
تمام ڈاکٹرز کو سلام…