16/02/2026
انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا کا پیٹرن انچیف عمران خان کے اڈیالہ جیل میں فیملی اور ذاتی معالجین کی عدم موجودگی میں آنکھ کے طبی معائنے پر ردِعمل!
پیٹرن انچیف انصاف ڈاکٹرز فورم عمران خان کے اڈیالہ جیل میں آنکھ کے طبی معائنے کے حوالے سے فیملی اور ذاتی معالجین کی عدم موجودگی میں کیے گئے کسی بھی اقدام کو انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا سختی سے مسترد کرتا ہے۔
یہ معاملہ کسی سیاسی نمائندگی کا نہیں بلکہ ایک مریض کے بنیادی، آئینی اور اخلاقی حقوق کا ہے۔ ایسے حساس اور پیچیدہ طبی مسئلے، خصوصاً ریٹینل وین بلاکیج جیسے سنگین عارضے میں، فیصلہ سازی کا حق براہِ راست مریض کی فیملی کو حاصل ہے، اور فیملی اُس وقت تک باخبر فیصلہ نہیں کر سکتی جب تک نامزد ذاتی معالجین کو مکمل رسائی اور شمولیت نہ دی جائے۔
فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کو اعتماد میں لیے بغیر، ان کی غیر موجودگی میں کیا جانے والا کوئی بھی طبی معائنہ غیر شفاف، غیر تسلی بخش اور طبی اخلاقیات کے اصولوں کے منافی ہے۔ انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا واضح کرتا ہے کہ ایسے کسی بھی معائنے یا اس کی بنیاد پر مرتب کردہ کسی رپورٹ کو قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔
ہم بطور ایک پروفیشنل میڈیکل فورم یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ آنکھ کے اس نوعیت کے پیچیدہ اور سنگین مسئلے کا مکمل اور معیاری معائنہ جیل کے محدود ماحول میں ممکن نہیں۔ شفاف تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے ماہرینِ امراضِ چشم اور جدید سہولیات کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔
انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا مطالبہ کرتا ہے کہ پیٹرن انچیف انصاف ڈاکٹرز فورم عمران خان کو فوری طور پر ان کی فیملی اور نامزد ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے، اور آئندہ تمام طبی معائنے انہی کی موجودگی اور رضامندی سے کیے جائیں تاکہ میڈیکل ایتھکس، شفافیت اور مریض کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا
میڈیا سیل