06/02/2026
پریس ریلیز
ینگ ڈاکٹر اسوسی ایشن (YDA) جے پی ایم سی یونٹ
ینگ ڈاکٹر اسوسی ایشن جے پی ایم سی یونٹ کے صدر ڈاکٹر شاہد عوان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آج جے پی ایم سی ایڈمنسٹریشن کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر، جوائنٹ ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سے تفصیلی اور سنجیدہ نوعیت کی ملاقاتیں کی گئیں۔
ملاقات میں واضح کیا گیا کہ پی جی انڈکشن میں ویٹنگ لسٹ پر موجود امیدواروں کو، اگر متعلقہ وارڈ میں جگہ خالی ہو، تو ترجیحی بنیادوں پر اور مکمل میرٹ کے مطابق فوری طور پر لیا جائے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا ناانصافی ناقابلِ قبول ہوگی۔
انتظامیہ کو سختی سے یاد دہانی کروائی گئی کہ ماہانہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی ڈاکٹرز کے معاشی استحصال کے مترادف ہے۔ رمضان المبارک کے پیشِ نظر تنخواہیں فی الفور ریلیز کی جائیں تاکہ ڈاکٹرز اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے بنیادی اخراجات پورے کر سکیں۔
جے پی ایم سی کے اندر بڑھتے ہوئے سیکیورٹی کے مسائل، چوری اور بدامنی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ اگر سیکیورٹی بہتر نہ کی گئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
ایمرجنسی فارمیسی کی بندش کو مریض دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا، جس پر انتظامیہ نے جلد عملی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔
اس بات پر بھی واضح مؤقف اختیار کیا گیا کہ کسی بھی سیاسی تنظیم سے وابستہ فرد کو ایڈمنسٹریٹو پوسٹ دینا ادارے کے نظم و ضبط کے خلاف ہے اور اس روش کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
بلڈ بینک سے چوری ہونے والی کٹس اور جے پی ایم سی سے چوری ہونے والی ادویات کی انکوائری رپورٹس کو پبلک کرنے کا دو ٹوک مطالبہ کیا گیا تاکہ حقائق عوام کے سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کا تعین ہو۔
انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹرز کے لیے علیحدہ کینٹین بنانے اور ایمرجنسی میں ون پیشنٹ، ون اٹینڈنٹ پالیسی جلد نافذ کرنے کی واضح یقین دہانی کروائی گئی۔
ینگ ڈاکٹر اسوسی ایشن جے پی ایم سی یونٹ انتظامیہ کو یاد دلاتی ہے کہ یہ تمام وعدے تحریری یقین دہانیاں ہیں، جن پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں تنظیم آئندہ کا لائحہ عمل دینے میں آزاد ہوگی۔