26/04/2023
محکمہ صحت حکومت سندھ کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع کی طرح ضلع ملیر کراچی میں بھی
24 سے 30 اپریل 2023 تک “ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات” منایا جارہا ہے جس میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے بارے میں عوام میں آگاہی و معلومات فراہم کرنے کے لئے مختلف پروگرامز کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں ضلع ملیر کراچی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد جمیل مغل کی جانب سے ڈی سی ملیر آفس سے ائیرپورٹ سگنل تک “آگاہی واک” منعقد کی گئی جسکی قیادت ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر کراچی عرفان سلام میروانی نے کی۔ اس واک میں ڈاکٹر وجے کمار، ڈاکٹر ناعمہ شیخ، ڈاکٹر فاروق چانڈیو، ڈاکٹر احسن الہی ، ڈاکٹر اسماء، ڈاکٹر درشن ، واسدیو، ڈاکٹر فرحاج الدین شیخ ، ڈی ای او سی کی ٹیم ، دیگر ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے شرکت کی۔ واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیدائش سے لے کر ۲ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے سے ہمارے معصوم بچے 12 مہلک اور جان لیوا بیماریوں سے محفوظ ہو سکتے ہیں جن میں پولیو، ٹی بی، کالا یرقان یعنی ہیپیٹائٹس بی، خناق، کالی کھانسی، نمونیہ، گردن توڑ بخار، الٹی دست، خسرہ ، تشنج، ٹائیفائڈ اور روبیلا شامل ہیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد جمیل مغل نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب والدین میں یہ آگاہی اور معلومات پہنچائیں کہ ہم اپنے بچوں کو قریبی مرکز صحت میں لے جاکر حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ ہمارے بچے ان 12 خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ یاد رہے کہ یہ تمام حفاظتی ٹیکے حکومت سندھ کی جانب سے بالکل مفت لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ضلع ملیر کا طبی عملہ اور بالخصوص لیڈی ہیلتھ ورکرز میری اس گزارش پر عوام میں اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروانے کی آگاہی مہم چلائیں گے تاکہ ہم اور ہمارا معاشرہ صحت مند ہو۔ آخر میں انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔