
01/05/2025
*ایک مخلص منتظم، ایک باوقار اقدام — جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے طلباء کے لیے پرنسپل کی محنت سے منظور شدہ ہاسٹل،
( از قلم 🖊️ ایم یونس ساسولی )
تعلیم صرف درسگاہ کی چار دیواری تک محدود نہیں، بلکہ یہ طلباء کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنے سے مکمل ہوتی ہے جہاں وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنے خوابوں کی تعبیر کی جانب بڑھ سکیں۔ خصوصاً میڈیکل کی تعلیم جیسی سخت اور مسلسل محنت طلب راہ میں، ایک باعزت اور محفوظ رہائش کا انتظام طلباء کے لیے نعمت سے کم نہیں ہوتا۔
جھالاوان میڈیکل کالج خضدار، جو بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے ہونہار طلباء کے لیے علم کا مرکز بن چکا ہے، اب ایک ایسے اہم مرحلے سے گزرا ہے جہاں طلباء کی رہائشی مشکلات کا مؤثر حل نکالا گیا ہے۔ یہ سنگِ میل ممکن ہوا ہے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد گچکی کی بے لوث محنت، مضبوط روابط، اور طلباء سے خالص وابستگی کی بدولت،
گزشتہ کئی برسوں سے جھالاوان میڈیکل کالج کے طلباء کو رہائش کے مسائل کا سامنا تھا۔ طلباء کو خضدار شہر میں مہنگے کرایوں پر کم سہولیات والے نجی مکانات میں رہنا پڑتا، یا بعض کو اپنے تعلیمی مشن کے باوجود کالج سے دوری اختیار کرنا پڑتی۔ ان مسائل کو نہ صرف ڈاکٹر عبدالصمد گچکی نے سنجیدگی سے محسوس کیا بلکہ ان کا مستقل حل نکالنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کیں۔
یہ انہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ حکومت بلوچستان کی سطح پر جھالاوان میڈیکل کالج کے طلباء کے لیے ہاسٹل کی باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی۔ اگرچہ ہاسٹل کی مستقل تعمیر کا عمل ابھی باقی ہے، لیکن فوری طور پر طلباء کو ریلیف دینے کے لیے پرنسپل صاحب نے پولیس لائن، شھزاد سٹی، خضدار میں ایک عمدہ اور معیاری عمارت کرائے پر حاصل کی، جو کہ تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہے،
نئے ہاسٹل میں طلباء کو وہ سہولیات میسر ہیں جو ایک میڈیکل طالب علم کی تعلیمی ضروریات کے لیے ناگزیر سمجھی جاتی ہیں۔ محفوظ ماحول، صاف ستھری فضا، بجلی، پانی، واش روم، اور ایک باعزت اجتماعی رہائش کے ساتھ یہ عمارت طلباء کو وہ ذہنی آسودگی فراہم کر رہی ہے جو تعلیمی کامیابی کی اولین شرط ہے،
ڈاکٹر عبدالصمد گچکی صاحب کی قیادت میں نہ صرف ہاسٹل کا انتظام ممکن ہوا بلکہ کالج کے دیگر شعبوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے جس انداز سے حکومتی اداروں، محکمہ صحت، اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مربوط روابط قائم کر کے طلباء کے لیے ایک دیرینہ مسئلے کا فوری حل نکالا، وہ قابلِ تقلید ہے۔
یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قیادت مخلص ہو، ویژن واضح ہو، اور ترجیح طلباء کی فلاح ہو، تو کوئی رکاوٹ دیرپا نہیں رہتی،
طلباء، والدین اور خضدار کے باشعور حلقے اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ حکومت بلوچستان جلد از جلد جھالاوان میڈیکل کالج کے لیے مستقل ہاسٹل کی تعمیر مکمل کرے گی تاکہ اس وقتی کرائے کے انتظام کو ایک مستقل ادارہ جاتی حل میں بدلا جا سکے۔
جب تک وہ وقت آتا ہے، تب تک پرنسپل ڈاکٹر عبدالصمد گچکی کا یہ اقدام خالصتاً ایک وژنری اور فلاحی منتظم کی بے مثال کاوش کے طور پر یاد رکھا جائے گا،