29/09/2025
The last 370 miles, the name of resilience
اے اللہ! اے وہ ذات جس نے موسٰی کے لیے دریا کو پھاڑ دیا،
اور اے وہ ذات جس نے ابراہیم کو آگ سے بچا لیا اور اے وہ ذات جس نے محمد ﷺ کو بدر کے دن
فتح عطا فرمائی، اور اے وہ ذات جسے زمین و آسمان کی کوئی چیز عاجز نہیں کر سکتی...
اے اللہ! بیشک اس قافلے کے سامنے بند دروازے ہیں، مسدود راستے ہیں، اور سخت دل ہیں، لیکن تو ہی سب کچھ کھولنے والا جاننے والا ہے، تو جو چاہے جب چاہے کھول دیتا ہے، پس اے اللہ! ان کے لیے ان کے مقصد تک راستہ کھول دے، جیسے تو نے موسٰی کے لیے دریا کو پھاڑ دیا تھا، اور جیسے تو نے محمد ﷺ اور ان کے ساتھی کے لیے غار کا راستہ کھول دیا تھا۔
اے اللہ! اہلِ زمین نے انہیں ناکامی کی سزا سنا دی ہے، لیکن تو آسمانوں کا رب ہے، پس اپنا حکم ان کے حکم پر سرفراز فرما،اور انہیں اس مقام تک پہنچا دے جہاں تیرے سوا کوئی پہنچانے کی استطاعت نہیں رکھتا، اور اپنے فرشتوں کو ان کی نگرانی اور حفاظت کے لیے بھیج دے، اور ان سے ظالموں کے شر اور بزدلوں کی مدد کو دور رکھ۔
اے اللہ! اس قافلے کو اپنی نصرت کی نشانی، اپنی رحمت کی علامت، اور اپنی تمکین کی بشارت بنا دے، اور اس کے ذریعے اسلام کی عزت، ایمان کی طاقت کو ظاہر فرما، اور ہر ظالم کی کمزوری کو عیاں کر دے۔
اے اللہ! انہیں واپس نہ لوٹا مگر اس حال میں کہ وہ اپنے مقصد پر پہنچ چکے ہوں، اور ان کے اور ان کے مقصد کے درمیان کوئی رکاوٹ نہ ڈال، اور ان کے قدم روشن کر، ان کا سفر عبادت بنا، اور ان کی واپسی فتح قرار دے۔
اے اللہ! ان کے پاس ایسے راستے سے رزق و مدد پہنچا، جہاں سے انہیں گمان بھی نہ ہو، مشکل کے بعد آسانی، تاریکی کے بعد روشنی، اور ایسی خوشخبری جو اہلِ زمین کو حیران کر دے اور آسمان میں ثبت ہو جائے۔
اے پروردگار! اگر تیرے سوا ان کا کوئی حامی و مددگار نہیں، تو ہی ان کے لیے کافی ہے، اوربہترین کار ساز ہے۔۔ہ
اے اللہ! ہماری دعا قبول فرما۔