
28/09/2025
عالمی یومِ قلب کے موقع پر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور بامقصد آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز تھے، جبکہ ان کی خصوصی دعوت پر پاک فوج کے فخر کرنل عدیل مرزا نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ زلفقار، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر امجد محمود، ہیڈ آف کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سعید عالم، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر رضاالحق، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر برہان الحق، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر صدف شبیر کیانی، سرجن ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری اور اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر شعیب احمد خان کے علاوہ کثیر تعداد میں ڈاکٹرز، نرسنگ آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طلبہ نے شرکت کی۔
ماہرینِ صحت نے اپنے خطابات میں دل کے امراض کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طرزِ زندگی میں تبدیلی، متوازن غذا، ورزش، ذہنی دباؤ میں کمی، تمباکو نوشی سے پرہیز اور باقاعدہ بلڈ پریشر و کولیسٹرول چیک اپ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے بنیادی اصول ہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی عوام کو علاج کے ساتھ ساتھ آگاہی فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کا واحد راستہ احتیاط اور بروقت تشخیص ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں یونیورسٹیوں، کالجز اور تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز اور لیکچرز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو دل کی صحت کے بارے میں شعور و آگاہی فراہم کی جا سکے۔
کرنل عدیل مرزا نے کہا کہ نوجوان طبقہ آج غیر متوازن خوراک اور ذہنی دباؤ کے باعث ہارٹ اٹیک کے خطرے سے دوچار ہے، اس لیے معاشرتی سطح پر آگاہی پھیلانا وقت کی ضرورت ہے۔
تقریب کے آخر میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے “دل کی حفاظت، زندگی کی ضمانت” اور “صحت مند دل، خوشحال زندگی” جیسے پیغامات والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
واک کے دوران ماہرینِ صحت نے شہریوں کو بتایا کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی، مناسب نیند، متوازن غذا اور وقتاً فوقتاً میڈیکل چیک اپ سے ہارٹ اٹیک سے بچاؤ ممکن ہے۔
شرکائے تقریب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دل کی صحت کے حوالے سے آگاہی کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے