09/02/2026
عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز امبور جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہر بشیر: نظم، وژن اور خدمت کا روشن آغاز
جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) ڈاکٹر اظہر بشیر صاحب نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی جس اندازِ کار کا مظاہرہ کیا، وہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتظامی بصیرت اور مریض دوست سوچ کا واضح ثبوت ہے۔ عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ہر وارڈ، ہر یونٹ اور ہر سہولت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر اظہر بشیر صاحب نے نہ صرف انتظامی امور پر توجہ دی بلکہ ہسپتال کے عملے کے ساتھ تفصیلی میٹنگ بھی منعقد کی، جس میں نظم و ضبط، باہمی تعاون اور ادارہ جاتی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں اس امر پر زور دیا کہ ایک کامیاب ہسپتال کی بنیاد ٹیم ورک، خلوصِ نیت اور مریض کی عزت و تکریم پر ہوتی ہے۔
مریضوں کی دیکھ بھال کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر اظہر بشیر صاحب نے ہدایت جاری کی کہ علاج کے ساتھ ساتھ مریض کو صاف ستھرا، محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے، وارڈز اور اطرافی ماحول کو معیاری بنانے اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی خصوصی ہدایات دیں۔
ڈاکٹر صاحب کا کہنا تھا کہ ایک صاف اور منظم ہسپتال نہ صرف مریض کی صحت یابی میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ ادارے کی ساکھ اور عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے عملے کو تلقین کی کہ مریض کو محض ایک کیس نہیں بلکہ ایک انسان سمجھا جائے، جس کی عزت، سہولت اور اطمینان ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔
یہ امر بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر اظہر بشیر صاحب کا یہ فعال، سنجیدہ اور دور اندیش آغاز ایمز ہسپتال کی بہتری کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ ان کی قیادت میں ہسپتال میں نظم و نسق، صفائی، مریضوں کی نگہداشت اور مجموعی سروس ڈیلیوری میں مثبت تبدیلی کی امید کی جا سکتی ہے۔
ادارہ جاتی ترقی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب قیادت خود میدان میں موجود ہو، مسائل کو اپنی آنکھ سے دیکھے اور فوری اصلاحی اقدامات کرے۔ ڈاکٹر اظہر بشیر صاحب کا طرزِ عمل اسی سوچ کا عکاس ہے، جو بلا شبہ قابلِ تعریف اور لائقِ تحسین ہے۔