23/03/2026
ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر حکومت آزاد کشمیر یاسر سلطان محمود چوہدری نے اچانک (سرپرائز) دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے شعبہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران وزیر حکومت نے ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملہ کے رویے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر مریضوں اور تیمارداروں نے مجموعی طور پر ہسپتال انتظامیہ اور سٹاف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر حکومت نے ہسپتال میں جاری طبی سہولیات کو سراہتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عید جیسے مصروف ایام میں جس جذبہ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مریضوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر وزیر حکومت نے شعبہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی میں بڑھتے ہوئے مریضوں کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی توسیع (کشادگی) کا اعلان کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو مزید بہتر، بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ وزیر حکومت نے یقین دلایا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
دورے کے اختتام پر وزیر حکومت یاسر سلطان محمود چوہدری نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبہ اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا