08/04/2026
ہلدی: قدرت کا انمول عطیہ
تحریر: حکیم سید زاہد حسین (فاضل طب و الجراحت)
برصغیر پاک و ہند کی قدیم طب ہو یا جدید میڈیکل سائنس، 'ہلدی' کی افادیت سے کسی دور میں انکار نہیں کیا گیا۔ ہمارے باورچی خانوں میں استعمال ہونے والا یہ عام سا مصالحہ درحقیقت قدرت کا وہ انمول تحفہ ہے جو اپنے اندر سینکڑوں بیماریوں کا علاج چھپائے ہوئے ہے۔ بطور معالج، میں اسے محض ایک مصالحہ نہیں بلکہ ایک "قدرتی اینٹی بائیوٹک" تصور کرتا ہوں۔
کیمیائی ساخت اور خصوصیا
ہلدی کا سائنسی نام Curcuma longa ہے۔ اس کا سب سے اہم جز Curcumin ہے، جو اسے اینٹی انفلامیٹری (سوزش دور کرنے والا) اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف مرہموں، ابٹن اور فیس ماسک میں بنیادی جز کے طور پر شامل کیا جاتا ہے۔
طبی فوائد کا ایک جامع جائزہ
1. خون کی صفائی اور جراثیم کش اثرات:
ہلدی مصفیٰ خون ہے، یہ جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج کر کے جراتیم سے محفوظ رکھتی ہے۔
2. امراضِ جگر اور یرقان:
جگر کی صحت کے لیے ہلدی اکسیر ہے۔ یہ صفرا کی پیداوار کو متوازن کرتی ہے جس سے یرقان اور جگر کی سوجن میں افادیت حاصل ہوتی ہے۔
3. جوڑوں کا درد اور سوزش:
طبِ یونانی میں ہلدی کو جوڑوں کے درد، گٹھیا اور عرق النساء کے مریضوں کے لیے بہترین دوا مانا گیا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال سوزش ختم کر کے حرکت میں آسانی پیدا کرتا ہے۔
4. شوگر اور مدافعت:
ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں کے لیے ہلدی قوتِ مدافعت بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتی ہے۔
5. کولیسٹرول اور امراضِ قلب:
جدید تحقیق ثابت کرتی ہے کہ ہلدی خون میں برے کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتی ہے اور شریانوں کی رکاوٹ کو دور کرنے میں معاون ہے۔
6. معدہ اور نظامِ ہضم:
معدے کی تیزابیت، گیس اور قبض کے لیے ہلدی والا دودھ کا استعمال انتہائی مفید پایا گیا ہے۔
حکیمانہ مشورہ اور استعمال کا طریقہ
ہلدی کا مزاج گرم و خشک ہے، اس لیے اسے ضرورت اور مزاج کے مطابق استعمال کرنا چاہیے۔
*چوٹ یا اندرونی درد کے لیے:
ایک گلاس نیم گرم دودھ میں آدھا چمچ ہلدی ملا کر پینا فوری ریلیف فراہم کرتا ہے۔
نزلہ و زکام:
شہد کے ساتھ ہلدی کا استعمال سینے کی جکڑن اور بلغم کو دور کرتا ہے۔
ضروری نوٹ:
اگرچہ ہلدی بے شمار فوائد کی حامل ہے، لیکن دل کے مریض یا دائمی امراض میں مبتلا افراد اسے بطور علاج شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔ خود تشخیصی کے بجائے مستند حکیم کی رہنمائی ہی مکمل شفاء کا باعث بنتی ہے۔
**سادات ہربل کلینک، نجف ٹاؤن، پتوکی**