
18/03/2020
"سارجنٹ، آپ کو یہ جنگ جی جان سے لڑنا ہوگی۔"
"ضرور سر، یہ میرا فرض ہے۔ میں اسے نبھاوں گا۔ آپ مجھ پر بھروسہ رکھیے۔ میں دشمن کو آبادی تک نہیں پہنچنے دوں گا۔"
"شاباش، اب جاو اور مورچہ سنبھالو"
"ضرور سر۔ آپ پلیز مجھے اور میرے جوانوں کو اسلحہ دے دیجیے۔"
"اسلحہ؟ کیسا اسلحہ؟"
"سر ہماری حفاظت اور حملے کا سامان۔"
"دیکھو سارجنٹ۔ وہ تو ہمارے پاس نہیں ہے۔"
"نہیں ہے؟ پر سر ہم اسکے بغیر یہ لڑائی کیسے لڑ سکتے ہیں؟"
"تم ڈر رہے ہو سارجنٹ؟"
"نہیں سر، ڈرنے کا وقت گزر چکا۔ پر میں دشمن کو شکست دینا چاہتا ہوں اور وہ میں سامان کے بغیر نہیں دے سکتا۔"
"کیا میں یہ سمجھوں کہ تم اور تمہاری پلٹن ڈر پوک اور کام چور ہے؟"
"سر، آپ چاہتے ہیں تو میں ابھی جا کر نہتا لڑتا ہوں اور مارا جاتا ہوں۔ لیکن اگر میں نے اور میری پلٹن کے سبھی جوانوں نے ایسا کیا تو ہم یقیناً ہار جائیں گے۔ خون بہت بہے گا مگر بے سود۔ پر اگر آپ ہمیں ایک پستول دیں گے تو ہم میں سے ہر آدمی کم از کم ایک دشمن پر حاوی آئے گا۔ آپ بندوق دیں گے تو چار پر اور دستی بم دیں گے تو دس دس پر۔ بلٹ پروف جیکٹ دیں گے تو ہم میں سے ہر ایک بار بار اٹھ کھڑا ہوگا اور نئے سرے سے دشمن پر وار کرے گا۔ پر اگر ہم یونہی سینوں پر گولیاں کھائیں گے تو بہت جلد لڑنے کو ہم سے کوئی نا بچے گا!"
"پر اگر یہ سب میں نا دوں تو؟"
"کیسے نہیں دیں گے آپ سر؟ یہ نا دینا آپ کی نا اہلی اور نالائقی ہوگی۔"
"تمہاری ہمت کہ تم ایسا کہو؟ تمہارا رویہ افسوس ناک ہے!"
"اور آپکا؟ بیوقوفانہ! "
"تمہیں اسی دن کے لئے کیا اتنے سالوں سے تیار کیا تھا؟"
"نہیں سر، مجھے شہادت کے لئے تیار کیا گیا تھا پر۔۔"
"پر کیا؟"
"خودکشی کے لئے نہیں!"
Via: Hamd Nawaz