28/12/2025
Drsaeedur Rehman Children and General Hospital sahibabad
سیلیک بیماری (Celiac Disease) ایک خاص قسم کی بیماری ہے جس میں جسم کا اپنا مدافعتی نظام (جو ہمیں بیماریوں سے بچاتا ہے) گندم میں موجود گلوٹن نامی پروٹین پر غلط ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ گلوٹن گندم، جو، اور جئی میں پایا جاتا ہے۔ جب کوئی بچہ جسے سیلیک بیماری ہو، گلوٹن کھاتا ہے تو اس کی چھوٹی آنت کے اندرونی نرم حصے (جنہیں "ولی" کہا جاتا ہے) خراب ہو جاتے ہیں۔ یہ ولی خوراک کو جسم میں جذب کرنے کا کام کرتے ہیں۔ جب یہ خراب ہو جائیں تو کھانے کی غذائیت جسم میں جذب نہیں ہوتی اور ضائع ہو جاتی ہے۔
بچے کو اس وجہ سے خوراک پوری نہیں لگتی، وہ کمزور ہوتا جاتا ہے، وزن نہیں بڑھتا اور قد بھی رک سکتا ہے۔ علامات میں بدبودار پاخانے، قے، پیٹ کا پھولنا، درد، گیس، خون کی کمی، بار بار بیمار ہونا، یا کچھ بچوں میں قبض بھی ہو سکتی ہے۔
اس بیماری کا کوئی علاج دوا سے ممکن نہیں۔ صرف گلوٹن والی چیزوں سے مکمل پرہیز ہی اس کا حل ہے۔ یعنی گندم، جو، جئی اور ان سے بنی ہر چیز جیسے ڈبل روٹی، بسکٹ، میدہ، سوجی، رس اور سویاں نہیں کھانی چاہئیں۔
جو چیزیں دی جا سکتی ہیں ان میں چاول، مکئی، باجرہ، بیسن، سبزیاں، دالیں، گوشت، انڈے، مچھلی، پھل اور گھر کے بنے جوس شامل ہیں۔ کھانے کی ہر چیز صاف ستھری ہونی چاہیے اور بازار سے کچھ لیتے وقت یہ ضرور دیکھنا چاہیے کہ اس میں گلوٹن تو شامل نہیں۔
پرہیز پوری زندگی کے لیے ضروری ہے تاکہ بچہ صحت مند زندگی گزار سکے اور کوئی سنگین مسئلہ پیدا نہ ہو۔