11/02/2026
تمباکو استعمال کرنے والوں کے نام
میرے عزیز تمباکو استعمال کرنے والے بھائیو اور بہنو!
رمضان المبارک ہمیں تمباکو جیسی مہلک عادت چھوڑنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق پاکستان میں روزانہ تقریباً 5 ہزار افراد تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہوتے ہیں، جبکہ ہر سال ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد اموات تمباکو کے استعمال کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہمارے ملک میں 40 فیصد سے زائد بالغ افراد کسی نہ کسی شکل میں تمباکو استعمال کرتے ہیں۔
تمباکو چاہے سگریٹ، ویپ، نکوٹین پاؤچز یا گٹکے کی صورت میں ہو، یہ پھیپھڑوں، دماغ اور دل کی بیماریوں کا بڑا سبب ہے اور بیس سے زائد اقسام کے کینسر پیدا کرتا ہے۔
رمضان المبارک صبر، ضبطِ نفس اور خود احتسابی کا مہینہ ہے، جو تمباکو چھوڑنے کے لیے بہترین وقت ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں مسلمان رمضان کے دوران تمباکو نوشی ترک کرتے ہیں۔ میں اپنے ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی اس نیک عمل میں شامل ہوں۔ تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے کینسر، دل کے دورے اور فالج کی بڑی وجہ ہے، اور یہ انسان کی عمر اور زندگی کے معیار دونوں کو کم کر دیتی ہے۔
ایک معالج ہونے کے ناطے میں نے اپنی آنکھوں سے تمباکو سے ہونے والی بیماریوں کی تباہ کاریاں دیکھی ہیں۔ میں تمباکو استعمال کرنے والوں سے دل سے گزارش کرتا ہوں کہ رمضان کی برکتوں، نظم و ضبط اور حوصلے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس عادت کو چھوڑ دیں۔ تمباکو چھوڑنے کے بعد ہونے والی تکالیف عارضی ہوتی ہیں اور عموماً 2 سے 4 ہفتوں میں ختم ہو جاتی ہیں، جنہیں حوصلے اور بعض ادویات کی مدد سے آسانی سے قابو کیا جا سکتا ہے۔
آئیے اس رمضان کو صحت مند اور تمباکو سے پاک زندگی کی شروعات بنائیں۔
ڈاکٹر محمد وسیم
ایسوی ایٹ پروفیسر پلمونولوجی
ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال