30/07/2025
بچوں کے لیے انڈا ! کب کیسے اور کیوں دیں ۔
انڈا ایک مکمل اور متوازن غذا ہے، مگر ہمارے معاشرے میں اس کے حوالے سے مختلف توہمات پائی جاتی ہیں۔ اکثر والدین اس الجھن میں مبتلا ہوتے ہیں کہ بچے کو انڈہ کب سے دینا چاہیے، کتنی مقدار میں دینا مناسب ہے، اور کیا یہ الرجی یا جسم میں "گرمی" پیدا کرتا ہے؟ آئیے ان سوالات کے سادہ، سائنسی اور مستند جوابات جانتے ہیں
انڈا کیوں ضروری ہے؟
۔ انڈا ایک مکمل غذا ہے جو اعلیٰ معیار کی پروٹین، وٹامن B12، وٹامن D، آئرن، کولین اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتا ہے (National Institutes of Health, USA)۔
۔ کولین بچے کے دماغ کی نشوونما، یادداشت اور نیورونل فنکشن کے لیے نہایت اہم ہے۔
۔ یہ اجزاء بچے کی جسمانی نشوونما اور ذہنی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
بچے کو انڈہ کس عمر سے دینا چاہیے؟
۔ بچے کو چھ ماہ کی عمر سے انڈہ دینا محفوظ اور مفید ہے۔
۔ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ انڈے میں تاخیر الرجی سے بچا سکتی ہے، لیکن LEAP Study (2015) اور AAP (American Academy of Pediatrics) کی تحقیق کے مطابق، انڈے سمیت ممکنہ الرجینز کو ابتدائی عمر میں دینا الرجی کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) بھی 6 ماہ کی عمر سے ٹھوس غذاؤں کی شروعات کی حمایت کرتا ہے۔
انڈہ کیسے تیار کر کے دیں؟
۔ انڈے کو اچھی طرح ابال کر دیں، یہاں تک کہ زردی اور سفیدی دونوں مکمل طور پر سخت ہو جائیں۔
۔ بچے کو انڈے کے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر کھلائیں۔
۔ کچا، ہاف بوائل یا فرائی انڈہ نہ دیں کیونکہ اس میں سالمونیلا بیکٹیریا موجود ہو سکتا ہے، جو ٹائیفائیڈ جیسی بیماری کا باعث بنتا ہے (CDC – Centers for Disease Control and Prevention)۔
انڈہ کتنی مقدار میں دیا جائے؟
۔ آغاز میں ایک سے دو چائے کے چمچ ہفتے میں دو سے تین بار دینا مناسب ہے۔
۔ بچے کی عمر اور ہضم کی صلاحیت کے مطابق مقدار بتدریج بڑھائی جا سکتی ہے۔
گھر میں انڈے کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟
انڈوں کو ہمیشہ ریفریجریٹر میں محفوظ کریں تاکہ وہ جراثیم سے محفوظ اور تازہ رہیں (FDA guidelines)۔
انڈے سے الرجی کی علامات کیا ہیں ؟
۔انڈے سے الرجی تقریباً 2–4٪ بچوں میں دیکھی جاتی ہے، جو عام طور پر وقتی ہوتی ہے اور عمر کے ساتھ ختم ہو سکتی ہے۔ علامات میں شامل ہیں:
- جلد پر دھپڑ، سرخی یا چھپاکی
- سینے کی بندش، سانس کی دقت
- قے، پیٹ درد یا دست
نوٹ: اگر ایسی علامات ظاہر ہوں، تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
گرمیوں میں انڈہ دینا چاہیے یا نہیں؟
یہ ایک غلط فہمی ہے کہ انڈہ گرمی پیدا کرتا ہے۔ سائنسی طور پر، انڈے کا گرمی یا سردی سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔ اگر انڈہ صحیح طریقے سے پکایا جائے تو یہ ہر موسم میں محفوظ ہے۔
اگر خاندان میں دمہ یا الرجی ہو تو کیا انڈہ دیا جا سکتا ہے؟
اگر بچے یا خاندان کے کسی فرد کو الرجی یا دمہ ہو، تب بھی بچے کو انڈہ دینا محفوظ ہے، جب تک کہ پہلے سے کوئی شدید الرجک ریکشن نہ دیکھا گیا ہو۔
انڈہ ایک غذائیت سے بھرپور، سستی اور مفید غذا ہے۔ اگر اسے محفوظ طریقے سے تیار کر کے مناسب وقت پر دیا جائے، تو یہ بچے کی صحت اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔