28/01/2026
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود کے ہمراہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت جاری صحت اصلاحات پر زور دیا۔
دورے کے دوران وزیر صحت نے افتتاح سے قبل ہسپتال کے تمام شعبہ جات، او پی ڈی، ایمرجنسی، آئی سی یو، سی سی یو اور آپریشن تھیٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ساتوں فلورز پر صفائی، مشینری اور طبی عملے کی دستیابی کا معائنہ کیا۔
ڈین ہسپتال اور آئی ڈیپ انجینئرز نے منصوبہ پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر وزیرِ صحت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افتتاح سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے اور مریضوں کو معیاری سہولیات اور بہتر سروس ڈیلیوری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری، بروقت اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دل کے امراض جیسے مہلک مرض کے علاج کےلیے جدید مشینری، ماہر طبی عملہ اور مؤثر انتظامی نظام ناگزیر ہے، جس کےلیے حکومت پنجاب عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ جنوبی اور وسطی پنجاب کے عوام کو اپنے اضلاع میں ہی اعلیٰ معیار کا علاج میسر آ سکے، جبکہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کےلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وزیرِاعلیٰ کی قیادت میں عوامی فلاح کا یہ مشن جاری رہے گا۔