
26/09/2023
اصلی شہد جم بھی سکتا ہے ....؟
السلامُ علیکم ورَحْمَةُاللهِ وَبَرَكاتُهُ
موسم سرما کا اغاز ہے اور موسم سرما میں شہد کا استعمال عام طور پر بڑھ جاتا ہے شہد کی افادیت ہر ایک پر روز روشن کی طرح عیاں ہے لیکن شہد کے بارے میں مختلف قسم کی ناقص معلومات اس کے اصلی نقلی ہونے کے ٹوٹکے اور دعوے حیران کن اور پریشان کن ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ شہد ہر موسم میں مفید ہے ہم عام طور پر اس کی تاثیر گرم سمجھتے ہوئے سردیوں میں زیادہ استعمال کرتے ہیں۔
سب سے پہلے تو ایک مغالطہ کی اصلاح کر لیجئے کہ جم جانے کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ شہد ناخالص ہے البتہ بہت زیادہ چمکدار کمرشل پیکنگ میں شہد کو آپ شک کی نظر سے دیکھ سکتے ہیں۔
شہد کے جم جانے کو عوام الناس منفی یا جعلی ہونے کی علامت کے طور پر جانتے ہیں جو لوگ کبھی خود شہد اتارتے ہیں یا اس کی فارمنگ کرتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ اصل شہد کم درجہ حرارت پر جم سکتا ہے۔ اسی عام مغالطے کی وجہ سے اچھی کمپنیز بھی اب لوگوں کے معیار کو پورا کرنے کے لیئے خالص شہد کو بھی ابال ابال کر ایک چمکدار میٹھے محلول میں تبدیل کرکے پیک کرنے پر مجبور ہیں تاکہ وہ جمے نہیں۔ خواہ اس کے پلے کچھ رہا ہو یا نہ رہا ہو۔ مارکیٹ ڈیمانڈ پراسکو زیادہ گرم کر کے گرم حالت میں فلٹر کرکے پیک کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسا کرنے سے شہد کی چمک بڑھ جاتی ہے جمنے کے امکانات کم سے کم ہو جاتے ہیں سیل بڑھ جاتی ہے لیکن شہد کی افادیت متاثر ہو جاتی ہے۔ شہد میں موجود انزائم زیادہ گرم کرنے سے غیر موثر ہو جاتے ہیں. جبکہ منرلز کی موجودگی پر کچھ زیادہ فرق نہیں پڑتا گرم کئے ہوئے شہد سے میٹھا اور منرلز تو حاصل ہو جاتے ہیں لیکن شہد کی طبی افادیت کافی حد تک کم ہو جاتی ہے۔ اس لئے جہاں تک ممکن ہو اور آپ کی طبیعت کو موافق ہو تو خالص شہد کو کسی باریک کپڑے سے چھان کر استعمال کرلیں۔ خود شہد اتاریں تو شہد کے چھتے کو ضرورت سے زیادہ نہ نچوڑیں زیادہ نچوڑنے سے چھتے کا موم کا کچھ حصہ شہد میں شامل ہو جاتا ہے اور کم درجہ حرارت پر شہد کو گھی کی طرح جما دیتا ہے ایسی صورت میں جما ہوا شہد ہی چمچ سے استعمال کیا جا سکتا ہے یا شہد کے برتن کو نیم گرم پانی میں رکھنے سے شہد سیال حالت میں آ جاتا ہے۔ اسکو ڈائریکٹ گرم نہیں کرنا ورنہ اسکی افادیت کم ہو جائے گی۔
سردی ہو یا گرمی شہد کو ناشتہ کا حصہ ضرور بنائیں۔ سردیوں میں ایک سے دو چمچ سلائس، روٹی یا پراٹھے پر لگا کر کھایئں. گرمیوں میں ٹھنڈے پانی کے گلاس میں ایک چمچ ملا کر صحت افزا مشروب استعمال کریں۔
اللہ کریم ہمیں آپکو صحت اور صحت کا شعور عطا فرمائے' آمیـــــــــــــن ثم آمیـــــــــــــن
جواد احمد گل
رجسٹرڈ یونانی میڈیکل پریکٹیشنر QH-26274-A
صحت مطب سیالکوٹ رجسٹرڈ نمبر PHC-R61710
| |