Adnan Siddique

Adnan Siddique Adnan Siddiqi is one of the best and qualified Child psychologists (Child/Adolescent Therapist) in Sialkot

Adnan Siddiqi is one of the best and qualified Child psychologists (Child/Adolescent Therapist) in Sialkot. He has done master's in psychology, B.ed (Hon), and holds a diploma in Child/Adolescent therapy. His specialization is in Anxiety, Depression, Oppositional Defiant Disorder (ODD), Conduct Disorder (CD),Learning Disabilities (Dyslexia,Dyscalculia,Dysgraphia, Processing Deficits ,(ADHD)
Attent

ion-Deficit/Hyperactivity Disorder),
, Early Childhood Behavioral, and Emotional Disorders, cognitive & children's habits issues. He has 12 years of experience in the education field & 1 year in this particular field. Moreover, he is serving as the CEO of The Generation School (A School Chain )

یہ میری بیٹی نہیں ہے جب ماں اپنی اولاد کو پہچان کر بھی نہ پہچانےآج آن لائن سیشن کے دوران اسکرین پر ایک پُروقار خاتون بیٹ...
04/05/2026

یہ میری بیٹی نہیں ہے
جب ماں اپنی اولاد کو پہچان کر بھی نہ پہچانے

آج آن لائن سیشن کے دوران اسکرین پر ایک پُروقار خاتون بیٹھ تھیں۔
بات چیت بالکل نارمل۔ یادداشت درست۔ گفتگو میں ربط۔

مگر اچانک انہوں نے ایک جملہ کہ

“ڈاکٹر صاحب، یہ سب میرے جیسے لگتے ہیں… مگر یہ میرے اصل بچے نہیں ہیں۔ کسی نے انہیں بدل دیا ہے۔”

یہ سن کر عام آدمی چونک جاتا ہے
گھر والے گھبرا جاتے ہیں
اور اکثر لوگ فوراً کہہ دیتے ہیں: “یہ وہم کر رہی ہیں۔”

مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔

یہ وہم نہیں… دماغ کا فریب ہے

اس کیفیت کو
Capgras Delusion
کہتے ہیں۔
1923
میں فرانسیسی ماہرِ نفسیات
Joseph Capgras
نے پہلی بار اسے بیان کیا۔

یہ ایک ایسا فریب ہے جس میں مریض اپنے کسی قریبی شخص کو “نقلی” سمجھنے لگتا ہے — حالانکہ وہ چہرہ، آواز اور انداز سب پہچان رہا ہوتا ہے۔

یہ تضاد کیسے ممکن ہے؟

دماغ کا راز آنکھ مان لے، دل انکار کر دے

جدید نیوروسائنس ہمیں بتاتی ہے کہ چہرہ پہچاننے کا ایک الگ نیورل سسٹم ہوتا ہے (Fusiform Face Area)
اور اُس چہرے سے جذباتی وابستگی کا الگ نظام (Amygdala اور Limbic System)۔

اگر چہرہ پہچاننے والا حصہ کام کر رہا ہو مگر جذباتی ردعمل پیدا نہ ہو
تو دماغ الجھن میں پڑ جاتا ہے۔

وہ کہتا ہے
“یہ چہرہ تو جان پہچان کا ہے…
مگر وہ اپنا سا احساس کیوں نہیں آ رہا؟”

اور پھر دماغ ایک کہانی بنا لیتا ہے:
“شاید یہ اصل نہیں… کوئی ہم شکل ہے۔”

دماغ خلا برداشت نہیں کرتا،
وہ وضاحت گھڑ لیتا ہے۔

یہ کیفیت کب سامنے آ سکتی ہے؟

تحقیقات کے مطابق Capgras Delusion عموماً ان حالات میں دیکھی گئی ہے:

شیزوفرینیا

الزائمر یا دیگر ڈیمنشیا

دماغی چوٹ

مرگی

یا دائیں دماغی حصے کی خرابی

یعنی یہ “پاگل پن” نہیں،
بلکہ ایک نیورولوجیکل اور سائیکاٹرک مسئلہ ہو سکتا ہے۔

سب سے دردناک پہلو

سب سے زیادہ اذیت مریض کو نہیں
اکثر خاندان کو ہوتی ہے۔

بیٹی کہتی ہے
“امی مجھے دیکھتی ہیں، نام سے پکارتی ہیں… مگر کہتی ہیں تم وہ نہیں ہو۔
تم میری بیٹی نہیں ہو

سوچئے، اس جملے کا وزن کیا ہوگا؟

یہ صرف ایک فریب نہیں،
یہ رشتوں کی بنیاد کو ہلا دینے والا تجربہ ہے۔

ہمیں کیا سمجھنا چاہیے؟

اگر کوئی بزرگ یا مریض ایسی بات کرے تو فوراً مذاق نہ بنائیں۔
یہ ضد نہیں ہوتی۔
یہ توجہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں ہوتی۔
یہ دماغ کے اندر ایک ٹوٹا ہوا جذباتی سرکٹ ہوتا ہے۔

ہم سب سمجھتے ہیں کہ پہچان آنکھوں کا کام ہے۔
مگر اصل پہچان دل کے احساس سے ہوتی ہے۔

اگر احساس خاموش ہو جائے،
تو حقیقت بھی مشکوک لگنے لگتی ہے۔

ایک ذاتی احساس

آج کے سیشن کے بعد باربار یہی خیال ذہن میں آرہا تھا
انسانی دماغ کتنا حیران کن ہے۔
ایک چھوٹا سا نیورل کنکشن ٹوٹ جائے
تو ماں اپنی بیٹی کو “اجنبی” سمجھنے لگتی ہے۔

نفسیات ہمیں صرف بیماریوں کا علم نہیں دیتی،
یہ ہمیں انسان کی نزاکت سکھاتی ہے۔

ہر عجیب بات کے پیچھے
کوئی ٹوٹا ہوا کیمیکل،
کوئی خاموش نیورون،
یا کوئی ڈرا ہوا دماغ ہوتا ہے۔

اور ایسے دماغ کو تنقید نہیں،
سمجھ اور علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔

عدنان صدیق
Adnan Siddique

🇵🇰 ذہنی صحت کا بحران اعداد و شمار، حقائق اور ہماری ترجیحاتپاکستان میں ہم اکثر جسمانی بیماریوں پر گفتگو کرتے ہیں، مگر ذہن...
03/05/2026

🇵🇰 ذہنی صحت کا بحران
اعداد و شمار، حقائق اور ہماری ترجیحات

پاکستان میں ہم اکثر جسمانی بیماریوں پر گفتگو کرتے ہیں، مگر ذہنی صحت کا مسئلہ اب بھی پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ اس وقت مزید خطرناک ہو جاتا ہے جب اعداد و شمار ہمیں ایک بالکل مختلف اور تشویشناک تصویر دکھا رہے ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک ایک خاموش مگر تیزی سے پھیلتے ہوئے نفسیاتی بحران کا شکار ہے۔

مختلف قومی و بین الاقوامی مطالعات کے مطابق پاکستان میں تقریباً 32 سے 38 فیصد افراد کسی نہ کسی نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہیں۔ دوسرے لفظوں میں، ہر تین میں سے ایک پاکستانی ذہنی دباؤ، بے چینی یا ڈپریشن جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ اگر اس تناسب کو ملک کی موجودہ آبادی (تقریباً 24 کروڑ) پر لاگو کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ 7 سے 9 کروڑ افراد کسی نہ کسی سطح پر ذہنی مسائل سے دوچار ہیں۔ یہ محض ایک عدد نہیں، بلکہ ایک اجتماعی حقیقت ہے جس کے اثرات گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرتی رویّوں تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں متاثرہ افراد کے لیے ہمارے پاس ماہرین کی کتنی تعداد موجود ہے؟ بدقسمتی سے پاکستان میں کلینیکل سائیکالوجسٹ کی تعداد نہایت محدود ہے—اندازاً تین سے پانچ ہزار کے درمیان۔ یہ تعداد ایک ایسے ملک کے لیے انتہائی ناکافی ہے جہاں کروڑوں افراد ذہنی مسائل سے نبرد آزما ہوں۔

یہاں World Health Organization کا حوالہ نہایت اہم ہو جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ایک متوازن نظام کے لیے کم از کم ہر 10,000 افراد کے لیے ایک ماہرِ نفسیات ہونا چاہیے۔ اس معیار کو سامنے رکھا جائے تو پاکستان میں کم از کم 24,000 کلینیکل سائیکالوجسٹ ہونے چاہئیں۔ یوں ہم ایک ایسے خلا کا سامنا کر رہے ہیں جہاں 20,000 سے زائد ماہرین کی کمی ہے۔

اس کمی کے نتائج محض طبی نہیں بلکہ سماجی بھی ہیں۔ جب مستند ماہرین دستیاب نہ ہوں تو لوگ یا تو علاج سے محروم رہ جاتے ہیں یا غیر تربیت یافتہ افراد کے پاس جانے پر مجبور ہوتے ہیں۔ نتیجتاً مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں—گھریلو تنازعات بڑھتے ہیں، طلبہ کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، اور معاشرے میں بے چینی اور عدم برداشت میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہاں ایک اہم نکتہ سمجھنا ضروری ہے: دنیا کے کسی بھی ملک میں کلینیکل سائیکالوجی پر پابندی نہیں، بلکہ اس شعبے کو باقاعدہ اصولوں اور لائسنسنگ کے ذریعے منظم کیا جاتا ہے۔ اصل توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ صرف مستند، تربیت یافتہ افراد ہی پریکٹس کریں تاکہ عوام کو محفوظ اور مؤثر خدمات میسر آ سکیں۔

تاہم حالیہ دنوں میں پاکستان میں یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ کلینیکل سائیکالوجسٹ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور وہ پریکٹس نہیں کر سکتے۔ اگر ایسی پالیسی یا تاثر کو درست تناظر میں نہ دیکھا جائے تو یہ پہلے سے موجود خلا کو مزید گہرا کر سکتا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں کروڑوں افراد ذہنی مسائل کا شکار ہوں اور ماہرین کی شدید کمی ہو، وہاں ضرورت پابندیوں کی نہیں بلکہ واضح، منصفانہ اور مضبوط ریگولیشن کی ہے تاکہ مستند کلینیکل سائیکالوجسٹ کو کام کرنے کا موقع ملے اور غیر تربیت یافتہ افراد کی حوصلہ شکنی ہو۔ بصورتِ دیگر ہم نہ صرف ایک پیشے کو محدود کریں گے بلکہ لاکھوں ضرورت مند افراد کو بروقت مدد سے بھی محروم کر دیں گے۔

عدنان صدیق
سائیکالوجسٹ/تھراپسٹ

Adnan Siddique

شک کی دیوار کے پیچھے قید ایک زندگی (paranoia disorder) پیرانویا ڈس آرڈر کی کہانیمیرے پاس ایک خاتون کو لایا گیا جسے ہر وق...
03/05/2026

شک کی دیوار کے پیچھے قید ایک زندگی
(paranoia disorder) پیرانویا ڈس آرڈر
کی کہانی

میرے پاس ایک خاتون کو لایا گیا جسے ہر وقت دوسروں پر شک رہتا تھا۔ اسے محسوس ہوتا تھا کہ ہر کوئی اس کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، اسے نقصان پہنچانا چاہتا ہے یا اس کے بارے میں غلط باتیں کر رہا ہے۔ وہ بات کرتے ہوئے بار بار دروازے کی طرف دیکھتی، جیسے کسی کے سن لینے کا خدشہ ہو۔ اس کے جملوں میں وقفے تھے، نگاہوں میں بے یقینی، اور لہجے میں ایک ایسا دفاعی پن جیسے وہ ہر سوال کو ایک حملہ سمجھ رہی ہو۔

میں نے اس سے نرمی سے پوچھا: "آپ کو کب سے ایسا محسوس ہونے لگا؟"
وہ چند لمحے خاموش رہی، پھر بولی: "جب سے لوگوں کے اصل چہرے نظر آنے لگے ہیں۔"

یہ جملہ محض ایک جواب نہیں تھا، بلکہ ایک ایسی ذہنی کیفیت کی عکاسی تھا جہاں حقیقت اور خدشات آپس میں گڈمڈ ہو چکے ہوں۔

پیرانویا
paranoia disorder
کیا ہے؟

یہ صرف ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ ایک سنجیدہ ذہنی مسئلے کی جھلک ہے جسے پیرانویا ڈس آرڈر کہا جاتا ہے۔

پیرانویا ایک ایسی نفسیاتی کیفیت ہے جس میں انسان بلاوجہ دوسروں پر شک کرنے لگتا ہے۔ اسے یقین ہونے لگتا ہے کہ لوگ اس کے خلاف ہیں، اسے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں یا اس کے بارے میں منفی باتیں کر رہے ہیں—حالانکہ اس کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہوتا۔

یہ عام بدگمانی سے مختلف ہے۔ عام شک وقتی ہوتا ہے، مگر پیرانویا میں یہ احساس مستقل، شدید اور زندگی پر حاوی ہو جاتا ہے۔

جب شک بیماری بن جائے

ہم سب کبھی نہ کبھی شک کرتے ہیں، مگر جب یہی شک انسان کی سوچ، فیصلوں اور تعلقات کو کنٹرول کرنے لگے تو یہ ایک بیماری کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔

پیرانویا میں مبتلا فرد کے لیے دنیا ایک غیر محفوظ جگہ بن جاتی ہے۔ اگر دو لوگ آہستہ بات کر رہے ہوں تو اسے لگتا ہے کہ وہ اسی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ اگر کوئی اختلاف کرے تو وہ اسے دشمنی سمجھ لیتا ہے۔ یوں وہ آہستہ آہستہ اپنے ہی خدشات کے جال میں الجھ جاتا ہے۔

اہم علامات

ایسے افراد میں چند نمایاں علامات دیکھی جا سکتی ہیں:

- ہر وقت دوسروں پر شک کرنا
- باتوں کو ذاتی حملہ سمجھنا
- کسی پر اعتماد نہ کرنا
- تنقید برداشت نہ کر پانا
- چھوٹی باتوں کو بڑھا چڑھا کر دیکھنا
- تنہائی اختیار کرنا
- دفاعی یا جارحانہ رویہ

شدید صورت میں انسان حقیقت اور وہم کے درمیان فرق کھو بیٹھتا ہے۔

اعتماد کا ٹوٹنا اصل المیہ

اس بیماری کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ یہ انسان کے اندر سے اعتماد ختم کر دیتی ہے۔

وہ خاتون بھی اپنے قریبی رشتہ داروں تک پر یقین نہیں کر پا رہی تھی۔ اسے لگتا تھا کہ اس کے اپنے لوگ بھی اس کے خلاف ہیں۔ نتیجتاً اس نے خود کو سب سے دور کر لیا۔

یہی وہ مقام ہوتا ہے جہاں بیماری ذہن سے نکل کر زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کرنے لگتی ہے رشتے، کام، اور انسان کا اپنے آپ سے تعلق۔

وجوہات ایک پیچیدہ حقیقت

پیرانویا کسی ایک وجہ سے پیدا نہیں ہوتا بلکہ کئی عوامل مل کر اسے جنم دیتے ہیں:

نفسیاتی عوامل

- بچپن کے تلخ تجربات
- عدم تحفظ
- خود اعتمادی کی کمی

ماحولیاتی عوامل

- مسلسل ذہنی دباؤ
- منفی تعلقات
- سماجی تنہائی

حیاتیاتی عوامل

- دماغی کیمیکلز کا عدم توازن
- موروثی اثرات

یعنی یہ صرف سوچ کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک مکمل نفسیاتی اور حیاتیاتی عمل ہے۔

ہماری معاشرتی غلطی

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایسے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ اکثر کہا جاتا ہے:
"یہ تو ویسے ہی شک کرتا ہے"

یہ جملے وقتی طور پر آسان لگتے ہیں، مگر حقیقت میں مریض کے درد کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔ کیونکہ جس شخص کو پہلے ہی دنیا غیر محفوظ لگ رہی ہو، جب وہی دنیا اس کے احساسات کو جھٹلا دے تو اس کا خوف مزید گہرا ہو جاتا ہے۔

علاج اور بہتری کا راستہ

خوش آئند بات یہ ہے کہ پیرانویا کا علاج ممکن ہے—بشرطیکہ بروقت توجہ دی جائے۔

سائیکوتھراپی

ماہرِ نفسیات کے ساتھ گفتگو کے ذریعے مریض کی سوچ کو سمجھا اور بہتر کیا جاتا ہے۔

ادویات

شدید کیسز میں ادویات مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

خاندانی سپورٹ

گھر والوں کی سمجھ اور تعاون علاج کا اہم حصہ ہے۔

خود آگاہی

اپنی سوچ اور احساسات کو پہچاننا بہتری کی طرف پہلا قدم ہے۔

ہر وہ شخص جو ہمیں "زیادہ شک کرنے والا" لگتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ مسئلہ ہو ہو سکتا ہے وہ خود ایک مسئلے کا شکار ہو۔

پیرانویا دراصل ایک خاموش جنگ ہے، جو انسان اپنے ہی ذہن کے اندر لڑ رہا ہوتا ہے۔ اور ایسی جنگ میں اسے دلیل سے زیادہ سمجھ، اور تنقید سے زیادہ سہارا درکار ہوتا ہے۔

عدنان صدیق
اتوار ،3مئی 2026

Mian Adnan Siddique

“کل سے شروع کروں گا کیا آپ بھی ہر کام تاخیر سے شروع کرتے ہیں؟علی نے کئی بار فیصلہ کیا کہ وہ آج سے باقاعدہ پڑھائی شروع کر...
19/04/2026

“کل سے شروع کروں گا

کیا آپ بھی ہر کام تاخیر سے شروع کرتے ہیں؟

علی نے کئی بار فیصلہ کیا کہ وہ آج سے باقاعدہ پڑھائی شروع کرے گا۔ کتاب کھولی، دو صفحے پڑھے، پھر موبائل اٹھا لیا اور خود سے کہا: “کل سے پورا پلان بنا کر شروع کروں گا۔” کل آیا، پھر کوئی نہ کوئی وجہ بن گئی۔ سارہ ہر اسائنمنٹ آخری دن تک ٹالتی رہتی ہے—جب ڈیڈ لائن سر پر آتی ہے تو وہ جلدی جلدی کام مکمل کرتی ہے، مگر اندر سے مطمئن نہیں ہوتی۔

یہ مسئلہ صرف پڑھائی تک محدود نہیں۔ احمد روزانہ ارادہ کرتا ہے کہ وہ صبح جلدی اٹھ کر واک کرے گا، مگر الارم بند کر کے کہتا ہے: “بس آج نہیں، کل سے پکا…” اسی طرح فاطمہ کئی دنوں سے الماری صاف کرنے کا سوچ رہی ہے، مگر ہر بار خود کو یہ کہہ کر روک لیتی ہے کہ “آج تھکن ہے، ویک اینڈ پر کر لوں گی اور وہ ویک اینڈ کبھی نہیں آتا۔

یہ سب صرف سستی نہیں، بلکہ ایک عام مگر پیچیدہ نفسیاتی رجحان ہے جسے ہم ٹال مٹول (Procrastination) کہتے ہیں۔

ٹال مٹول کیا ہے؟

یہ ایک ایسی عادت ہے جس میں انسان جان بوجھ کر اہم کاموں کو مؤخر کرتا رہتا ہے، حالانکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا نقصان ہوگا۔ یہ صرف وقت ضائع کرنا نہیں بلکہ اکثر ایک اندرونی کشمکش ہوتی ہے—دماغ کہتا ہے “کر لو”، دل کہتا ہے “ابھی نہیں”۔

کیا یہ کوئی نفسیاتی عارضہ ہے؟

ٹال مٹول خود کوئی باقاعدہ بیماری نہیں، لیکن یہ کئی نفسیاتی مسائل سے جڑی ہو سکتی ہے، جیسے:

بے چینی (Anxiety)

ڈپریشن

توجہ کی کمی (ADHD)

خود اعتمادی کی کمی

یعنی اکثر یہ ایک علامت ہوتی ہے، اصل مسئلہ کچھ اور ہوتا ہے۔

ٹال مٹول کی بنیادی وجوہات

1. ناکامی کا خوف

انسان سوچتا ہے: “اگر میں نے شروع کیا اور اچھا نہ کر سکا تو؟” — یہ خوف اسے آغاز سے روک دیتا ہے۔

2. کمال پسندی (Perfectionism)

“یا تو بہترین کروں گا یا نہیں کروں گا” — یہی سوچ سب سے بڑا بریک بن جاتی ہے۔

3. موٹیویشن کی کمی

جب کام دلچسپ نہ ہو یا اس کا مقصد واضح نہ ہو، دماغ اسے بار بار ٹالتا ہے۔

4. جذباتی دباؤ

کچھ کام ذہنی طور پر بوجھل لگتے ہیں، اس لیے انسان وقتی سکون کے لیے انہیں مؤخر کر دیتا ہے۔

5. وقت کا غلط اندازہ

“یہ تو آسان ہے، بعد میں کر لوں گا” — یہی سوچ نقصان کا آغاز ہوتی ہے۔

اس کے نقصانات

کام آخری وقت پر ہوتا ہے معیار متاثر ہوتا ہے

ذہنی دباؤ اور پچھتاوا بڑھتا ہے

خود اعتمادی کم ہو جاتی ہے

آہستہ آہستہ یہ عادت زندگی کے بڑے فیصلوں کو بھی متاثر کرتی ہے

علاج اور بہتری کے طریقے

چھوٹا آغاز کریں

پورا کام دیکھ کر گھبرانے کے بجائے صرف 5 منٹ کے لیے شروع کریں—اکثر یہی 5 منٹ پورا کام شروع کرا دیتے ہیں۔

“ابھی” کا اصول اپنائیں

جب دماغ کہے “بعد میں”، خود کو کہیں:
“میں صرف ابھی شروع کرتا ہوں”

کام کو حصوں میں تقسیم کریں

بڑے کام کو چھوٹے حصوں میں توڑ دیں تاکہ وہ آسان لگے۔

خود سے ایمانداری

یہ پہچانیں کہ آپ واقعی تھکے ہیں یا صرف بچ رہے ہیں۔

ماحول کو کنٹرول کریں

موبائل، سوشل میڈیا اور دیگر distractions کم کریں—یہ ٹال مٹول کے سب سے بڑے سہولت کار ہیں۔

خود کو انعام دیں

کام مکمل ہونے پر خود کو چھوٹا سا reward دیں—دماغ اسے مثبت تجربہ سمجھتا ہے۔

روحانی سکون حاصل کریں

اللہ سے مدد مانگنا، دعا کرنا اور دل کو مطمئن رکھنا انسان کو عمل کی طرف لاتا ہے۔

ٹال مٹول سستی نہیں، بلکہ اکثر ایک خاموش اندرونی جنگ ہوتی ہے۔ کامیاب لوگ وہ نہیں جو ہمیشہ موٹیویٹڈ ہوتے ہیں، بلکہ وہ ہیں جو موٹیویشن نہ ہونے کے باوجود بھی عمل کرتے ہیں۔
عدنان صدیق
اتوار ،19 اپریل 2026

"ٹاکسک(Toxic) لوگ وہ جو آپ کی خوشی کو آہستہ آہستہ کم کر دیتے ہیں"کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ بڑی خوشی سے کوئی نئی چیز پہن کر ...
05/04/2026

"ٹاکسک(Toxic) لوگ
وہ جو آپ کی خوشی کو آہستہ آہستہ کم کر دیتے ہیں"

کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ بڑی خوشی سے کوئی نئی چیز پہن کر یا کوئی کامیابی حاصل کر کے کسی دوست قریبی رشتےدار کے پاس جائیں…
اور دل چاہے کہ وہ آپ کی خوشی میں شامل ہو؟

آپ پوچھیں: "کیسا لگ رہا ہوں؟"
اور جواب آئے: "اچھا ہے… لیکن تمہارا وزن کافی نہیں بڑھ گیا؟"
بلیک کلر میں ہوتا تو زیادہ اچھا لگنا تھا

یا آپ خوشی سے اپنا رزلٹ دکھائیں…
اور کہا جائے: "نمبر تو ٹھیک ہیں… مگر تھوڑے اور ہوتے تو بات بن جاتی"
ہاں گاڈی تو اچھی ہے لیکن ٹی ایکس کی بجائے
ہیول لیتے وہ زیادہ اچھی ہے

بظاہر یہ باتیں نارمل لگتی ہیں…
ان میں کھلی تنقید بھی نہیں ہوتی…
مگر عجیب بات یہ ہے کہ آپ کی ساری خوشی ایک لمحے میں کم ہو جاتی ہے۔

یہی وہ لمحے ہوتے ہیں جہاں ہمیں سمجھ نہیں آتا…
کہ مسئلہ کہاں ہے… مگر دل کہتا ہے: کچھ ٹھیک نہیں ہوا

ٹاکسک لوگ کون ہوتے ہیں؟

ٹاکسک لوگ وہ نہیں ہوتے جو کھل کر بدتمیزی کریں یا واضح طور پر نقصان پہنچائیں۔
بلکہ وہ اکثر بہت نارمل، قریبی اور بظاہر خیال رکھنے والے ہوتے ہیں۔

فرق صرف یہ ہوتا ہے کہ
وہ آپ کی خوشی کو براہِ راست نہیں
بلکہ خاموشی سے کم کرتے ہیں۔

وہ تعریف بھی کریں گے…
مگر ساتھ ہی ایک ایسا جملہ شامل کر دیں گے
جو آپ کی توجہ خوشی سے ہٹا کر کسی کمی پر لے جائے۔

وہ مذاق بھی کریں گے…
مگر ایسا کہ آپ ہنس تو دیں، مگر دل کے اندر کچھ چبھ جائے۔

وہ مشورہ بھی دیں گے…
مگر اس انداز میں کہ آپ خود پر شک کرنے لگیں۔

ان کا انداز کیسا ہوتا ہے؟

یہ لوگ اکثر:

آپ کی کامیابی میں خامی نکال دیتے ہیں

آپ کی خوشی کو "بہتر ہو سکتا تھا" میں بدل دیتے ہیں

آپ کو بار بار یہ محسوس کرواتے ہیں کہ آپ کافی نہیں ہیں

اور کبھی کبھار آپ کو بلاوجہ guilty بھی محسوس کرواتے ہیں

یہ سب کچھ اتنے نرم انداز میں ہوتا ہے
کہ آپ کو فوراً سمجھ بھی نہیں آتا…
مگر اثر گہرا ہوتا ہے۔

سب سے بڑی نشانی

اگر کسی سے ملنے کے بعد:

آپ خود کو کم تر محسوس کریں

آپ کا confidence ہل جائے

یا آپ اپنی ہی خوشی پر doubt کرنے لگیں

تو یہ ایک واضح اشارہ ہے کہ
یہ تعلق آپ کو emotionally drain کر رہا ہے

یہ لوگ ایسا کیوں کرتے ہیں؟

یہ سوال بہت اہم ہے… کیونکہ یہاں سے ہمیں غصہ نہیں، سمجھ آتی ہے

1. اندرونی عدم تحفظ
جو لوگ خود کو اندر سے کمزور محسوس کرتے ہیں
وہ دوسروں کو نیچا دکھا کر خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں

2. مسلسل موازنہ کرنے کی عادت
ان کی سوچ ہمیشہ comparison پر چلتی ہے
اس لیے وہ کسی چیز کو مکمل طور پر اچھا مان ہی نہیں پاتے

3. توجہ حاصل کرنے کی خواہش
وہ چاہتے ہیں کہ مرکزِ توجہ وہی رہیں
اس لیے دوسروں کی خوشی انہیں بے چین کرتی ہے

4. جذباتی ناپختگی
بعض لوگ یہ سمجھ ہی نہیں پاتے
کہ ان کے الفاظ دوسروں پر کیا اثر ڈال رہے ہیں

ایک اہم غلط فہمی

اکثر ایسے لوگ اپنے رویے کو یہ کہہ کر justify کرتے ہیں:
"ہم تو بس سچ بولتے ہیں"
"ہم مخلص ہیں"

مگر سوال یہ ہے:

کیا ہر سچ ہر وقت بولنا ضروری ہے؟

اگر کوئی خوش ہے…
تو کیا اسی لمحے اسے اس کی کمیوں کا احساس دلانا ضروری ہے؟

مخلص ہونا اچھی بات ہے،
مگر مخلصی کا بھی ایک وقت، ایک انداز اور ایک نرمی ہوتی ہے

ورنہ سچ بھی چبھنے لگتا ہے

اصل مسئلہ کہاں ہے؟

مسئلہ صرف ایسے لوگوں میں نہیں ہوتا…
کبھی کبھی مسئلہ ہماری خاموشی میں بھی ہوتا ہے

جب ہم:

ہر بات برداشت کرتے ہیں

اپنی ناراضگی ظاہر نہیں کرتے

اور صرف تعلق بچانے کے لیے خود کو دباتے ہیں

تو ہم لاشعوری طور پر اس رویے کو جاری رکھتے ہیں

کیا کرنا چاہیے؟

سب سے پہلے پہچان ضروری ہے

پھر آہستہ آہستہ:

اپنی boundaries واضح کریں

ہر بات کو دل پر لینے کے بجائے observe کریں

اور جہاں ضروری ہو، فاصلہ پیدا کریں

یاد رکھیں، ہر تعلق کو برقرار رکھنا ضروری نہیں ہوتا

ہر انسان کی زندگی میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں
جو اسے بہتر بنا دیتے ہیں

اور کچھ ایسے…
جو آہستہ آہستہ اس کی خوشی کم کر دیتے ہیں

سمجھداری یہ نہیں کہ آپ سب کو خوش رکھیں
بلکہ یہ ہے کہ آپ پہچانیں:

کون آپ کو آپ جیسا رہنے دیتا ہے…
اور کون آپ کو بدلنے پر مجبور کرتا ہے

اپنی خوشی، اپنی عزتِ نفس اور اپنے سکون کو
کسی بھی تعلق کی قیمت پر قربان نہ کریں

کیونکہ بعض اوقات
سب سے بڑا نقصان شور سے نہیں…
خاموش رویوں سے ہوتا ہے۔

عدنان صدیق
اتوار،5 اپریل 2026

04/05/2025

میں تمہارے ساتھ ہوں

کبھی آپ نے ایک مسکراتے چہرے کی آنکھوں میں جھانک کر دیکھا ہے؟
جہاں مسکراہٹ کی چمک ہو، وہاں آنکھوں کی نمی اکثر نظرانداز کر دی جاتی ہے۔
انسانی ذہن ایک سمندر ہے — بظاہر پرسکون، لیکن اندر طوفان برپا ہوتا ہے۔ ہم روز کسی نہ کسی کے چہرے پر "ٹھیک ہوں" کا ماسک دیکھتے ہیں، لیکن ان کے دل میں چیخیں سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔

یہ کتنا عجیب ہے کہ ہم جسمانی زخموں کو فوراً مرہم دیتے ہیں، لیکن جذباتی چوٹوں پر یا تو ہنسی آتی ہے یا خاموشی چھا جاتی ہے۔
"بس زیادہ سوچتے ہو" کہہ کر ہم ایک ذہنی مریض کو مزید تنہا کر دیتے ہیں، حالانکہ اسے سب سے زیادہ کسی کے ساتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔

نفسیاتی مسائل شرمندگی کی بات نہیں، یہ حقیقت ہیں — اتنی ہی سچی جتنی دل کی دھڑکن۔
ایک شخص جسے ہر وقت بےچینی گھیرے رکھتی ہے، وہ اندر ہی اندر خود سے لڑ رہا ہوتا ہے۔
جسے نیند نہیں آتی، وہ شاید رات بھر اپنے اندر کے اندھیروں سے الجھتا ہے۔

اگر کوئی شخص بےوجہ خاموش رہنے لگا ہے، تو اسے صرف "بول کیوں نہیں رہے" نہ کہیں،
بلکہ اس کی خاموشی کو سننے کی کوشش کریں۔
اگر کوئی بار بار اپنی غلطیوں کا ذکر کرتا ہے، تو اسے شرمندہ نہ کریں، بلکہ تسلی دیں کہ وہ قابلِ معافی ہے۔

ذہن وہ قید خانہ ہے جہاں قیدی نظر نہیں آتے، لیکن قید بہت گہری ہوتی ہے۔
آئیے! ہم ایسا ماحول بنائیں جہاں "دماغی صحت" بھی اتنی ہی اہم ہو جتنی "جسمانی صحت"۔
جہاں لوگ اپنے دل کی بات کہنے سے نہ گھبرائیں، جہاں کوئی سننے والا ہو، سمجھنے والا ہو۔

کیونکہ بعض اوقات، کسی کی بچ جانے والی آخری امید…
صرف ایک جملہ ہوتی ہے:
"میں تمہارے ساتھ ہوں۔"

عدنان صدیق
سائیکالوجسٹ/تھراپسٹ
اتوار,4 مئی 2025

"آپ کے بچے موبائل پر کیا دیکھ رہے ہیں؟حقیقت آپ کے اندازوں سے کہیں زیادہ چونکا دینے والی ہو سکتی ہے!"کیا آپ کو لگتا ہے کہ...
20/04/2025

"آپ کے بچے موبائل پر کیا دیکھ رہے ہیں؟
حقیقت آپ کے اندازوں سے کہیں زیادہ چونکا دینے والی ہو سکتی ہے!"

کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے بچے موبائل پر صرف کارٹون یا گیمز کھیل رہے ہیں؟
کیا آپ کو یقین ہے کہ وہ آن لائن محفوظ ہیں؟
تو ذرا رکیے... کیونکہ یہ صرف آپ کا "اندازہ" ہو سکتا ہے — حقیقت اس سے بہت مختلف اور خطرناک ہو سکتی ہے!

موبائل اسکرین کے پیچھے کی دنیا:

آج کا بچہ موبائل پر کیا دیکھ رہا ہے، یہ جاننا اتنا ہی ضروری ہے جتنا یہ جاننا کہ وہ اسکول میں کیا سیکھ رہا ہے۔ ایک چھوٹی سی اسکرین، جو آپ کو معصوم لگتی ہے، اسی میں:

یوٹیوب کی ریلس میں چھپا ہوا غیر اخلاقی مواد

آن لائن گیمز کی چیٹس میں اجنبیوں سے رابطہ

سوشل میڈیا پر وائرل چیلنجز

ایسا مواد جو اس کے معصوم ذہن کو وقت سے پہلے بالغ بنا سکتا ہے

تو کیا کریں؟ ہاتھ جوڑ کر موبائل چھین لیں؟ نہیں!

بلکہ بنیں ایک ہوشیار اور باشعور والدین!

پانچ چونکا دینے والے حقائق + پانچ قابلِ عمل حل

1. حقیقت: بچے رات کو چھپ کر موبائل استعمال کرتے ہیں۔
حل: موبائل کا "رات کا وقت" مقرر کریں، اور رات کو انٹرنیٹ کنکشن بند کر دیں یا Wi-Fi روٹر بچے کے کمرے سے باہر رکھیں۔

2. حقیقت: بچے گیمز کے دوران دنیا بھر کے اجنبیوں سے چیٹ کرتے ہیں۔
حل: ان گیمز کی Settings میں جا کر چیٹ فیچرز آف کریں۔ بچوں کو سکھائیں کہ "اجنبی آن لائن بھی خطرناک ہو سکتے ہیں۔"

3. حقیقت: یوٹیوب کی auto-suggest ویڈیوز اکثر عمر کے لحاظ سے نامناسب ہوتی ہیں۔
حل: یوٹیوب Kids انسٹال کریں یا Parental Control Apps سے فلٹرز لگائیں۔

4. حقیقت: بچے انٹرنیٹ سے "ایجادات" نہیں، بلکہ "خیالی دنیائیں" سیکھ رہے ہیں۔
حل: انہیں دلچسپ اور سیکھنے والے چینلز یا ایپس سے متعارف کرائیں (مثلاً National Geographic Kids، Scratch Coding، UrduStoryTime وغیرہ)۔

5. حقیقت: بچے موبائل میں اکیلے نہیں ہوتے — ان کے ساتھ سارا انٹرنیٹ ہوتا ہے۔
حل: خود بھی سیکھیں، خود بھی وقت نکالیں — بچوں کے ساتھ بیٹھ کر کبھی کبھار ان کا ڈیجیٹل سفر شیئر کریں۔ یہ نگرانی نہیں، محبت کی علامت ہے۔

ایک لمحے کے لیے رکیں...

کیا آپ اپنے بچے کے مستقبل کے لیے اتنا بھی وقت نہیں نکال سکتے کہ اس سے پوچھ سکیں:

"بیٹا! آج تم نے موبائل پر کیا دیکھا؟"
یہ سوال صرف ایک سوال نہیں —
یہ اعتماد کی پہلی اینٹ ہے۔

بچے روکنے سے نہیں، سمجھانے سے سیکھتے ہیں۔
پابندیاں عارضی ہوتی ہیں، لیکن اگر آپ انہیں موبائل استعمال کا شعور دے دیں، تو یہی بچہ کل دوسروں کو سکھانے کے قابل ہو سکتا ہے۔

موبائل کا قصور نہیں،
ہماری غفلت ہی اصل خطرہ ہے۔

عدنان صدیق
چائلڈ سائیکالوجسٹ/ایڈولیسنٹ تھراپسٹ
اتوار,20 اپریل 2025

والدین کے نام ایک پیغام: "پرورش کریں، پرکھیں نہیں"اولاد اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، مگر اس نعمت کے ...
13/04/2025

والدین کے نام ایک پیغام: "پرورش کریں، پرکھیں نہیں"

اولاد اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، مگر اس نعمت کے ساتھ ایک عظیم ذمہ داری بھی جڑی ہوتی ہے — تربیت کی ذمہ داری۔

پیرنٹنگ صرف بچے کو کھلانے، پلانے اور تعلیم دلانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اس کے دل، دماغ اور کردار کی آبیاری کا عمل ہے۔ یہ وہ سفر ہے جس میں والدین نہ صرف بچے کی جسمانی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ اس کی جذباتی، اخلاقی اور روحانی نشوونما کا بھی خیال رکھتے ہیں۔

والدین اکثر انجانے میں بچوں سے بہت زیادہ توقعات باندھ لیتے ہیں۔ امتحان میں نمبر کم آئیں، تو ناراض ہو جاتے ہیں؛ ذرا سی نافرمانی ہو جائے تو سزا دے دیتے ہیں؛ مگر کیا ہم نے کبھی سوچا کہ بچے بھی انسان ہیں، ان کی اپنی سوچ، احساسات اور جذبات ہیں؟ کیا ہم نے کبھی اُن کی خاموشیوں کو سنا، اُن کی آنکھوں کو پڑھا، اور اُن کے دل کو محسوس کیا؟

ایک اچھے والدین وہ نہیں جو صرف سختی سے نظم و ضبط قائم رکھیں، بلکہ وہ ہیں جو محبت سے سکھائیں، صبر سے سنیں، اور اعتماد کے ساتھ تربیت کریں۔ بچوں کو ڈر کر فرمانبردار بنانے کے بجائے، انہیں محبت سے باشعور بنائیں۔

بچہ جس ماحول میں پلتا ہے، وہی اس کی شخصیت کی بنیاد بنتا ہے۔ اگر گھر میں عزت، اعتماد، محبت اور گفتگو کا ماحول ہو گا تو وہ بچہ باہر کی دنیا میں بھی ان خوبیوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔

اپنی اولاد کی کامیابی پر خوش ہوں، مگر اُن کی ناکامی پر بھی اُن کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اُنہیں بتائیں کہ وہ چاہے جیتیں یا ہاریں، آپ کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

کیونکہ بچے سب سے پہلے والدین کی محبت کے بھوکے ہوتے ہیں، کامیابی کی نہیں۔

عدنان صدیق
چائلڈ سائیکالوجسٹ/ایڈولیسنٹ تھراپسٹ
اتوار ،13 اپریل 2025

پردیس کا مسافررات کا سناٹا تھا، اور وہ اکیلا اپنے چھوٹے سے کمرے کی کھڑکی کے پاس بیٹھا ہوا تھا۔ کھڑکی سے باہر ایک اجنبی ش...
12/01/2025

پردیس کا مسافر

رات کا سناٹا تھا، اور وہ اکیلا اپنے چھوٹے سے کمرے کی کھڑکی کے پاس بیٹھا ہوا تھا۔ کھڑکی سے باہر ایک اجنبی شہر کی روشنیاں جھلملا رہی تھیں، مگر ان روشنیوں میں اسے اپنا کوئی عکس نظر نہیں آتا تھا۔ ہوا میں عجیب سی خنکی تھی، جو اس کے دل کے اندر کے سناٹے کو اور گہرا کر رہی تھی۔ یہ فرحان تھا—پردیس کا ایک مسافر، جو اپنی زمین، اپنے گھر، اور اپنے لوگوں سے بہت دور تھا۔

وہ کھڑکی سے ٹیک لگائے آسمان کو دیکھ رہا تھا، جہاں چاند خاموشی سے اپنی روشنی بکھیر رہا تھا۔ یہ وہی چاند تھا جو اس نے اپنے گاؤں میں بیٹھ کر اپنی ماں کے ساتھ دیکھا تھا۔ ماں کہا کرتی تھی، "بیٹا، جہاں بھی جاؤ، یہ چاند تمہیں میرے قریب رکھے گا۔" مگر آج وہ چاند بھی اجنبی لگ رہا تھا۔ فرحان کی آنکھوں میں ایک درد چھپایا ہوا تھا، وہ درد جو ہجر کی گہرائی سے اٹھتا تھا۔

اچانک اس کے کانوں میں بچوں کی ہنسی گونجنے لگی۔ وہی ہنسی جو اس کے بیٹے اور بیٹی کی تھی۔ "بابا، ہمیں سکول لے چلیں!" بیٹی کی یہ معصوم فرمائش ایک بازگشت کی طرح اس کے دل میں گونج رہی تھی۔ وہ منظر یاد آتے ہی اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ وہ کمرے میں ایک تصویر کی طرف دیکھنے لگا، جو دیوار پر لگی ہوئی تھی۔ تصویر میں اس کے بچے مسکرا رہے تھے، مگر وہ مسکراہٹ فرحان کے دل پر بوجھ بن گئی تھی۔

اس کے ہاتھوں میں ایک کاغذ تھا—اس مہینے کی تنخواہ کا حساب۔ ہر ماہ وہ اپنے خاندان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی ضروریات کو نظرانداز کر دیتا تھا۔ بیٹے کی سکول کی فیس، بیٹی کے جوتے، اور ماں کے دواخانے کے خرچ، سب اس کے حصے میں تھے۔ مگر اس سب کے باوجود اس کے دل میں ایک خالی پن تھا۔ وہ سوچنے لگا، "کیا یہ سب قربانیاں کافی ہیں؟ کیا میرا گھر مجھے یاد کرتا ہے، جیسا کہ میں انہیں کرتا ہوں؟"

رات گہری ہو رہی تھی، اور فرحان نے اپنے بستر پر لیٹنے کی کوشش کی۔ مگر نیند اس سے کوسوں دور تھی۔ دیواروں پر ماں کے ہاتھ کی گرمی محسوس ہوتی تھی، باپ کی نصیحتوں کی بازگشت سنائی دیتی تھی، اور بہن بھائیوں کی ہنسی کی گونج دل کو چیر رہی تھی۔ تنہائی اس کے اندر آہستہ آہستہ اپنا زہر گھول رہی تھی۔
فرحان نے کمرے کی لائٹ بند کی اور کھڑکی سے باہر دیکھنے لگا۔ اس نے دور ایک ستارہ ٹمٹماتے ہوئے دیکھا۔ یہ ستارہ اسے امید کا پیغام دے رہا تھا۔ وہ دل میں سوچنے لگا، "یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ ایک دن میں واپس لوٹوں گا، اپنی زمین پر، اپنے لوگوں کے بیچ۔"

رات کے اس لمحے میں، فرحان کے اندر ایک عزم جاگ اٹھا۔ وہ اپنے دل کو تسلی دینے لگا کہ پردیس کا یہ سفر محض ایک آزمائش ہے، اور ہر آزمائش کا اختتام ہوتا ہے۔ اگلے دن وہ پھر اپنے معمولات میں مصروف ہو جائے گا، مگر آج کی رات، وہ اپنی یادوں کے ساتھ جئے گا۔
یہ صرف ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ ان ہزاروں لوگوں کی کہانی ہے جو اپنے خوابوں کے لیے قربانیاں دیتے ہیں، مگر ان قربانیوں کی قیمت ان کے دل ادا کرتے ہیں۔ پردیس کا دکھ نہ صرف ایک جدائی ہے بلکہ صبر، ہمت، اور قربانی کی ایک نا مٹنے والی داستان ہے۔

عدنان صدیق
اتوار 12 جنوری 2025

کہیں آپ خود اعتمادی کی کمی۔ (Low Self-Esteem) کا شکار تو نہیں ہے؟خود اعتمادی (Self-Esteem) وہ بنیاد ہے جس پر انسان کی شخ...
09/01/2025

کہیں آپ خود اعتمادی کی کمی
۔ (Low Self-Esteem) کا شکار تو نہیں ہے؟

خود اعتمادی (Self-Esteem) وہ بنیاد ہے جس پر انسان کی شخصیت، رویہ، اور کامیابی کا انحصار ہوتا ہے۔ جب یہ بنیاد کمزور ہو جائے تو انسان کی زندگی کے کئی پہلو متاثر ہو سکتے ہیں۔ خود اعتمادی کی کمی یا "لو سیلف اسٹیم" ایک خاموش مسئلہ ہے، جو اندر ہی اندر انسان کو توڑ کر رکھ دیتا ہے۔اور یہ اس کی کامیابیوں کی راہ میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہوتی ہے۔

خود اعتمادی کی کمی کی وجوہات

بچپن کے تلخ تجربات
بچپن میں والدین، اساتذہ یا قریبی افراد کی جانب سے مسلسل تنقید، توجہ کی کمی یا سختی انسان کے اندر یہ احساس پیدا کرتی ہے کہ وہ ناکافی ہے۔

سماجی موازنہ
آج کے دور میں، خاص طور پر سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگیوں کو دیکھ کر اپنی زندگی کو کمتر سمجھنا عام ہو چکا ہے۔ یہ مسلسل موازنہ خود اعتمادی کو کمزور کر دیتا ہے۔

ناکامیاں اور مسترد ہونا
بار بار کی ناکامی یا دوسروں کے رویے میں عدم قبولیت کا سامنا انسان کو اپنے بارے میں منفی خیالات کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
غیر صحت مند تعلقات
ایسے رشتے جن میں عزت اور محبت کی کمی ہو، خود اعتمادی کو زوال پذیر کر سکتے ہیں۔

خود اعتمادی کی کمی کی علامات

اپنی صلاحیتوں پر بھروسا نہ ہونا

ہر معاملے میں دوسروں کی منظوری کی ضرورت

کامیابیوں کے باوجود خود کو ناکام سمجھنا

نئے مواقع یا چیلنجز سے خوف کھانا

منفی سوچوں کا غالب رہنا

اثرات
خود اعتمادی کی کمی کا اثر انسان کی ذاتی، سماجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر پڑتا ہے:
ذاتی زندگی میں اثرات
ایسے لوگ اکثر خود کو دوسروں سے الگ تھلگ کر لیتے ہیں، اپنی رائے دینے سے کتراتے ہیں اور تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

پیشہ ورانہ زندگی میں اثرات
خود اعتمادی کی کمی کے باعث افراد بہتر مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے اور اپنے کام میں غیر یقینی کا شکار رہتے ہیں۔

ذہنی صحت پر اثرات
یہ کمی انسان کو ڈپریشن، بےچینی اور ذہنی دباؤ کی طرف لے جا سکتی ہے، جس سے زندگی مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔

خود اعتمادی بہتر کرنے کے عملی طریقے

اپنی خوبیوں کو پہچانیں
اپنے اندر چھپی خوبیاں اور صلاحیتوں کو دریافت کریں اور ان پر فخر کریں۔

منفی خیالات کا مقابلہ کریں
جب بھی منفی سوچیں آئیں، ان کا تجزیہ کریں اور مثبت خیالات کو ان کی جگہ دیں۔

چھوٹے اور قابل حصول اہداف بنائیں
زندگی میں چھوٹے چھوٹے اہداف طے کریں اور ان کی کامیابی کا جشن منائیں۔

مثبت ماحول میں رہیں
ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں جو آپ کی حوصلہ افزائی کریں اور آپ کی خوبیوں کو سراہیں۔

ماہرین سے رجوع کریں
کسی ماہرِ نفسیات سے مدد لینا مفید ہو سکتا ہے۔ وہ آپ کو ایسی تکنیکس بتا سکتے ہیں جو آپ کی خود اعتمادی میں اضافہ کریں۔

خود اعتمادی کی کمی ایک قابلِ حل مسئلہ ہے، لیکن اس کے لیے مستقل محنت، مثبت رویہ اور صحیح رہنمائی ضروری ہے۔ یاد رکھیں، آپ کی اہمیت دوسروں کی رائے پر نہیں بلکہ آپ کی اپنی سوچ پر منحصر ہے۔ اپنی ذات کو سمجھیں، اپنی طاقت کو پہچانیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔

زندگی آپ کی اپنی ہے، اور اس کی قدر آپ ہی بہتر طور پر جان سکتے ہیں۔

عدنان صدیق
سائیکالوجیسٹ/تھراپسٹ

دماغ کی گمشدہ دنیا کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے دماغ میں ایک ایسی دنیا موجود ہے جو آپ کی زندگی کے ہر فیصلے، ہر عادت، اور ہر...
22/11/2024

دماغ کی گمشدہ دنیا

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے دماغ میں ایک ایسی دنیا موجود ہے جو آپ کی زندگی کے ہر فیصلے، ہر عادت، اور ہر جذبے کو کنٹرول کرتی ہے، لیکن آپ کو اس کا شعور تک نہیں؟ جی ہاں، یہ آپ کا "لاشعور" ہے، ایک ایسا خاموش مسافر جو آپ کی زندگی کے ہر لمحے میں آپ کے ساتھ ہے، لیکن ہمیشہ پردے کے پیچھے۔ لاشعور وہ طاقتور حقیقت ہے جو ہمارے شعور کی حدود سے ماورا ہے، جہاں خوابوں کی دنیا بستی ہے، جہاں تخلیقی خیالات جنم لیتے ہیں، اور جہاں ہمارے خوف اور خواہشات اپنی شکلیں بدلتے ہیں۔

تصور کریں، آپ ایک بند کمرے میں ہیں، لیکن کمرہ جتنا دکھائی دیتا ہے اس سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔ آپ کا لاشعور اس کمرے کے چھپے ہوئے دروازے کھولتا ہے، جہاں ایک نئی دنیا آپ کی منتظر ہوتی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہماری زندگی کے 95 فیصد فیصلے لاشعور کی سطح پر کیے جاتے ہیں، چاہے وہ کسی شخص سے محبت ہو، کسی کام کی عادت ہو، یا کسی گانے کی دھن جو بار بار ذہن میں گونجتی ہے۔ لیکن یہ سب کیسے ہوتا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جس نے صدیوں سے ماہرین نفسیات کو حیرت میں مبتلا رکھا ہے۔

لاشعور کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ آپ کے تجربات کو محفوظ رکھتا ہے اور آپ کے رویوں کو بنا کسی شعوری کوشش کے قابو میں رکھتا ہے۔ اگر آپ بچپن میں کسی ناکامی کا سامنا کرتے ہیں تو یہ خوف آپ کے لاشعور میں نقش ہو جاتا ہے اور آپ کے ہر فیصلے کو متاثر کرتا ہے۔ لیکن اسی لاشعور میں وہ طاقت بھی ہے جو آپ کی زندگی کو مکمل طور پر بدل سکتی ہے۔ یہ خوابوں کی زبان میں بات کرتا ہے، جہاں آپ کے دماغ کے گہرے گوشے آپ کو ایسے پیغامات دیتے ہیں جنہیں سمجھ کر آپ اپنی زندگی کو نئے راستے پر ڈال سکتے ہیں۔

لاشعور کے بارے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نہ صرف ہماری یادداشتوں اور عادات کا محافظ ہے بلکہ یہ ہماری تخلیقی صلاحیتوں کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے۔ دنیا کے بڑے سائنسدان اور فنکار، جیسے نیوٹن اور آئن اسٹائن، نے اپنی بڑی دریافتوں کا سہرا لاشعور کے سر باندھا ہے۔ آئن اسٹائن کے مطابق، "لاشعور کا علم شعوری سوچ سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔"

آپ اپنے لاشعور کو کیسے سمجھ سکتے ہیں؟ یہ ایک حیرت انگیز عمل ہے۔ مراقبہ کریں، اپنے ذہن کو پرسکون کریں، اور اپنے اندرونی خیالات کو سنیں۔ اپنے خوابوں پر غور کریں، کیونکہ یہ آپ کے لاشعور کا آئینہ ہیں۔ مثبت خیالات کے ذریعے آپ اپنے لاشعور کو ری پروگرام کر سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو ایک نئی سمت دے سکتے ہیں۔

لاشعور ایک ایسی دنیا ہے جو ہماری عام زندگی کے پردے کے پیچھے چھپی ہوئی ہے، لیکن جب آپ اس کی کھوج شروع کرتے ہیں، تو آپ کو اپنی ذات کی گہرائیوں میں وہ خزانے ملتے ہیں جن کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ تو کیا آپ تیار ہیں اس گمشدہ دنیا کی کھوج کے لیے؟ یاد رکھیں، جہاں لاشعور ختم ہوتا ہے، وہاں امکانات کی ایک نئی دنیا شروع ہوتی ہے۔
عدنان صدیق
سائیکالوجیسٹ/تھراپسٹ

Address

THE GENERATION SCHOOL Sialkot Road Badiana
Sialkot
51410

Telephone

+923456101024

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Adnan Siddique posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Practice

Send a message to Adnan Siddique:

Share

Category